مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کی دہشتگردی، مزید 2نوجوان شہید، کریک ڈائون ، 19گرفتار
سرینگر (نوائے وقت رپورٹ+ کے پی آئی) رمضان المبارک میں بھی بھارتی فوج کی بربریت اور ریاستی دہشت گردی جاری ہے۔ بھارتی فوج نے ضلع کلگام میں سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کر کے 2 کشمیری نوجوان شہید کر دیئے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج کشمیریوں کا قتل عام کر رہی ہے۔ سرینگر مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈائون کے باعث اتوار کو بھی وادی بھر میں بندشیں نافذ رہیں، ماہ رمضان کے باوجود لاکھوں کشمیری اپنے گھروں میں محصور ہیں۔ بندشوں کے نتیجے میں کئی علاقے مکمل سیل رہے جبکہ وادی کے طول عرض میں جاری بھارتی فوج کے کریک ڈاون کے دوران گرفتاریاں بھی جاری ہیں۔ مزید ڈیڑھ درجن سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کیا گیا۔ قابض فوج نے کشمیری مجاہدین کے خلاف اپنے فوجی آپریشنز تیز کردئیے ہیں۔ حالیہ دنوں میں جنوبی کشمیر میں چار مختلف آپریشنوں میں 10 مجاہدین اور انکا ایک ساتھی شہید ہوئے جبکہ صرف24گھنٹوں میں چار مجاہدین اور ان کا ایک ساتھی بھی شہید کئے گئے،کے پی آئی کے مطابق لاک ڈاون سے مقبوضہ وادی ایک بند جیل کا منظر پیش کررہی ہے، جہاں پرلاکھوں کشمیری اپنے گھروں میں محصور ہیں۔ بندشوں کی صورتحال نہ صرف شہر سرینگر بلکہ بڑے بڑے دیہات، ضلع و تحاصیل صدر مقامات اور دیگر قصبوں اور قریب قریب ہر علاقے میں جاری رہی۔ وادی کے ریڈ زونوں میں نقل و حرکت پر مکمل طور پر پابندی عائد ہے۔ قابض فوج نے ماہ رمضان کے باوجود وادی کے طول وعرض میں کریک ڈاو ن جاری رکھا ہوا اس دورا ن نوجوانوں کو خاص کر گرفتار کیا جاتا ہے، سکیورٹی فورسز نے ضلع اودھمپور میں مشکوک نقل و حرکت پر تلاشی کارروائی شروع کی تاہم اسے کوئی کامیابی نہیں ملی۔ صدر پولیس سٹیشن سرینگرکے تحت آنے والے علاقے میں سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کے مر تکب 13افراد کی گرفتاری عمل میں لا کر ان کے خلاف مقدمات کا اندراج کیا گیا۔ مقبوضہ کشمیر میں ایک دن میں سب سے زیادہ 42 مریضوں کی رپورٹیں مثبت آئیں۔ ادھر جموں کشمیر میں ٹیسٹ کرنے کی استبداد 1000تک بڑھ گئی ہے اور پچھلے 24گھنٹوں میں 1071نمونوں کی تشخیص کی گئی۔ اب تک جموں و کشمیر میں کرونا وائرس مریضوں کی کل تعداد 496ہوگئی ہے جن میں 57جموں جبکہ 439کا تعلق کشمیر صوبے سے ہے۔ جے وی سی سرینگر میںٹنگمرگ سے تعلق رکھنے والے 72سالہ شخص کی موت کے ساتھ ہی جموں و کشمیر میں کرونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔