سندھ میں 10 سال سے کم عمر کے 182 بچے کرونا کا شکار ہوئے :مرتضیٰ وہاب
کراچی (صباح نیوز)سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا ہے کہ صوبے میں 10 سال سے کم عمر کے 182 معصوم بچے اور 60 سال سے زائد عمر کے 900 افراد کرونا کا شکار ہیں۔ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب نے لاک ڈائون کے حوالے سے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ لاک ڈائون سے متعلق لوگوں کی متضاد اور مختلف آرا ہیں، کوئی سمارٹ لاک ڈائون کی بات کرتا ہے تو کوئی لاک ڈائون کو ہی غلط قراردیتا ہے۔مرتضی وہاب نے کہا کہ سندھ میں 10 سال سے کم عمر کے 182 معصوم بچے اور 60 سال سے زائد عمر کے 900 افراد کرونا کا شکار ہیں، یہ بات تقریبا یقینی ہے کہ یہ بچے اور بزرگ لاک ڈائون کے دوران اپنے گھروں سے نہیں نکلے ہوں گے، انہیں کرونا کا کسی اور نے نہیں بلکہ ان افراد نے شکار کیا جو گھروں سے باہر نکلے۔ اسی لئے حکومت بار بار گھروں پر رہنے اور آئیسولیشن کی تلقین کررہی ہے، لوگوں نے باہر نکل کر کرونا وائرس اپنے بزرگوں اور معصوم بچوں کو منتقل کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے معصوم بچوں، بزرگوں اور پورے معاشرے کو اس مرض سے بچانا ہے، یہ تب ہی ممکن ہے جب ہم لاک ڈائون پر سنجیدگی سے خود بھی اور دوسروں کو بھی عمل کروائیں، خدارا لاک ڈان پر عملدرآمد کرکے اپنی نسلوں کو محفوظ کریں، آئیے اپنے گھروں پر قیام سے خود اور اپنی فیملی کو اس مرض سے محفوظ رکھیں۔