شبلی فراز وفاقی وزیر اطلاعات، لیفٹیننٹ جنرل(ر) عاصم سلیم باجوہ معاون خصوصی مقرر:فردوس عاشق کو عہدے سے ہٹا دیا گیا
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کو ان کے عہدے سے ہٹادیا گیا ہے۔ کابینہ ڈویژن نے فردوس عاشق اعوان کو ان کے عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیش جاری کر دیا ہے۔ سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات بنا دیا گیا ہے۔ فردوس عاشق اعوان کی جگہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کو معاون خصوصی اطلاعات بنایا گیا ہے۔ عاصم سلیم باجوہ اس وقت چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی کے چیئرمین کے عہدے پر بھی کام کررہے ہیں۔ کابینہ ڈویژن نے پاک فوج کے سابق ترجمان لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کو معاون خصوصی برائے اطلاعات بنانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے تاہم ان کا منصب اعزازی ہو گا۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت قائم ہونے کے بعد فواد چوہدری کو ہی وزارت اطلاعات و نشریات کا قلمدان ملا تھا تاہم بعد میں ان سے یہ وزارت واپس لے کر فردوس عاشق اعوان کو معاون خصوصی اطلاعات بنا دیا گیا تھا۔شبلی فراز آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔