لاک ڈائون کے اثرات،بھارت کی مختلف ریاستوں میں محصورکشمیری سخت مشکلات سے دوچار
سرینگر (کے پی آئی ) لاک ڈائون کے باعث بھارت کی مختلف ریاستوں میں پھنسے کشمیری کسمپرسی کے دن گذار رہے ہیں۔درماندہ افراد نے حکام سے مدد کی اپیل دہرائی ہے۔کشمیری طالبات کا ایک ویڈیو سماجی روبطہ گاہوں پر وائرل ہورہا ہے جس میں یہ طالبات گھر واپس لیجانے کی اپیل کر رہی ہیں ،ویڈیو میں 5طالبات ایک چھوٹے سے کمرے میں ڈری سہمی نظر آرہی ہے اور حکام سے فریاد کررہی ہے کہ انہیں گھر پہنچانے کے لئے انتظامات کئے جائیں۔لڑکیوں کے مطابق وہ دہلی کے ایک نجی ہوسٹل میں پھنسی ہیں،کھانے کو اب کچھ نہیںبچاہے ،مکان مالک کرایہ مانگ رہا ہے جو ہمارے پاس نہیں ہے ہم سخت مشکلات سے دوچار ہے ہماری فریاد صدا بہ سحر ثابت ہورہی ہے ،فون کرنے پر جواب ملتا ہے کہ اپنا انتظام خود کرو ،جیسے ملتا ہے ،لہٰذا ہماری مدد کی جائے ۔معاملہ صرف ان 5لڑکیوں کا نہیں ہے بلکہ مختلف ریاستوں میں پھنسے سینکڑوں کشمیری مزدور،شال پھیری والے،تاجر وغیرہ کی حالت بھی ایسی ہی ہے ۔اتراکھنڈ اور گوا میں درماندہ کشمیریوں نے جموں وکشمیر حکومت سے اپیل کی ہے کہ انہیں گھر واپس لانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔دہرادون میں درماندہ کپوارہ سے تعلق رکھنے والے ایک مزدور کا باپ گذشتہ روز انتقال کرگیا تاہم اس کے باوجود بھی بیٹے کو باپ کے جنازے میں شرکت کرنے کی اجازت نہیں مل گئی ہے ۔اتراکھنڈ اور دیگر ریاستوں میں پھنسے لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر چہ انہوں نے گھر جانے کی تیاری مکمل کی تھی اور باضابط طور پر ٹکٹ بھی نکالے تھے ،تاہم اچانک لاک ڈائون نافذ ہونے کے ساتھ ہی ان کا سارا پروگرام درہم برہم ہوکر رہ گیا اور وہ لوگ بے یارو مددگار کٹھن حالات میں دن کاٹ رہے ہیں۔