مقبوضہ کشمیر: کولگام میں بھارتی فوج نے مزید 3کشمیری نوجوان شہید کردیئے، تعداد 7ہوگئی
سرینگر(کے پی آئی )مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ماہ رمضان کے دوران کشمیری نوجوانوںکے قتل عام میں اضافہ کردیا ہے ، جنوبی کشمیر کے کولگام میںقابض بھارتی فوج نے 7نوجوانوں کو شہید کر دیا،گزشتہ پانچ روز کے دوران شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کی تعداد 16 ہوگئی قابض فوج نے علاقے کو محاصرے میںلے کر تلاشی کاروائی شروع کی ۔بھارتی پنجاب پولیس نے حزب المجاہدین کے ایک کارکن کو 29 لاکھ روپے بھارتی کرنسی سمیت گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے ،کے پی آئی کے مطابق اتوار کی شب ضلع کولگام کے علاقے گدر پرانہل میں مزید 4 کشمیری نوجوان شہید کر د ئیے، اطلاعات کے مطابق ضلع کے گدر پرانہل علاقہ میں واقع سرکاری ہائی سکول میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران ان نوجوانوں کو شہید کیا۔ایک فوجی میجر پٹیل کے کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ تاہم پولیس نے دعوی کیا کہ کولگام دمحال ہانجی پورہ دیسرو روڑ پر واقع اچھ تھل اور پران ہل کے نزدیک نالہ ویشو کے کنارے آباد نئی بستی گڈر نامی گائوں میں 9آر آر اور پولیس کو ہائی سکول کے نزدیک عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی جس کے بعد علاقے کو محاصرے میں لیا گیا اور تلاشی کارروائی شروع کی گئی۔ اس دوران گولیوں کا شدید تبادلہ ہوا جو کافی دیر تک جاری رہاجس میں پہلے 2 مجاہد اور بعد میں مزید 2 مجاہد شہید ہوئے جبکہ میجر پٹیل شدید طور پر زخمی ہوا جسے علاج و معالجہ کیلئے ہسپتال میں داخل کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ میجر کی ٹانگ میں گولی پیوست ہوئی ہے علاقے کو بدستور محاصرے میں رکھا گیا ہے اور ممکنہ طور پر دیگر عسکریت پسندوں کی تلاش کی جارہی ہے۔ بھارتی فو ج کا دعوی ہے کہ یہاں 5 عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی ۔ پولیس پانچویں جنگجو کو تلاش کررہی ہے۔ادھر چودھری گنڈ شوپیان میں قائم 34آر آر کیمپ کے نزدیک فائرنگ کی آوازین سنائی دی گئیں تاہم بعد میں فائرنگ تھم گئی۔ پولیس نے بتایا کہ چھودھری گنڈ میں فوجی اہلکار پریکٹس فائر کررہے تھے۔ ادھر ڈانگر پورہ امام صاحب شوپیان نامی گائوں کا 44آر آر، 178سی آر پی ایف اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے اتوار کی شب دیر رات 9بجے محاصرے میں لیا،۔گزشتہ چار روز میں کولگام میں یہ دوسری جھڑپ تھی، جن میں 6 مجاہدین شہید ہوئے، بھارتی فوجیوںنے گزشتہ روز ضلع پلوامہ کے علاقے اونتی پورہ میں 3 ، جمعہ کو ضلع اسلام آباد کے علاقے کھار پورہ آرنی میں2 جبکہ بدھ کے روز ضلع شوپیاںکے علاقے ملہورہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوںکے دوران4 کشمیری نوجوان شہید کر دیے تھے۔دریں اثناء ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے علاقے قاضی گنڈ میں لاور منڈرا کے قریب سکیورٹی فورسز نے پیر کو صبح تین کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا تاہم اس کی مکمل تفصیلات کا علم نہ ہوسکا،علاوہ ازیں بھارتی پنجاب پولیس نے امرتسر میںحزب المجاہدین کے ایک کارکن کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے ،ڈائریکٹر جنرل پولیس پنجاب دنکار گپتانے جاری بیان میں دعویٰ کیا کہ جنوبی کشمیر کے نوگام علاقے سے تعلق رکھنے والے ہلا ل احمد وگے نامی نوجوان کے قبضے سے 29 لاکھ روپے بھارتی کرنسی بھی برآمد کی گئی ہے انہوں نے دعوی کیا کہ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ حزب المجاہدین کے آپریشنل چیف ریاض احمد نائیکو نے ہلال احمد کو میٹرو مارٹ امرتسر میںایک ٹرک کے اندر ایک نامعلوم شخصں سے پیسے وصول کرنے کیلئے بھیجا تھا۔