سندھ کابینہ نے سکول فیس، یوٹیلٹی بلز، کرایوں میں رعایت کی منظوری دیدی
کراچی(سٹاف رپورٹر) سندھ کابینہ نے سکول فیس، یوٹیلٹی بلز اور کرایوں میں رعایت کی اصولی منظوری دیتے ہوئے احساس کفالت پروگرام پر ٹیکس معاف کردیا اور کہا ہے کہ پروگرام کیلئے بینکوں سے جاری رقوم پر سندھ ریونیو بورڈ کا ٹیکس نہیں لیا جائے گا جبکہ دفعہ144کے اختیارات کمشنرز کو سونپ دیئے ہیں۔ پیرکو وزیراعلیٰ زیر صدارت سندھ کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں کرونا وائرس کی صورتحال پربریفنگ دی گئی اور کرونا سے انتقال کرنے والے افراد کیلئے دعائے مغفرت کی گئی۔ سندھ کابینہ میں کرونا کے مریضوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی اور کرونا کے پھیلنے کے افسوس میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ کابینہ نے نجی سکولوں کی فیس میں20فیصدکمی کی منظوری بھی دے دی، نجی سکولوں کی فیسوں میں کمی کااطلاق اپریل اورمئی میں ہو گا۔ کابینہ نے ایڈووکیٹ جنرل کو ہدایت کی کہ فیصلے سے سندھ ہائی کورٹ کو آگاہ کیا جائے، سندھ ہائی کورٹ کو بتایا جائے کابینہ نے فیصلہ عوامی مفاد میں کیا ہے۔ سندھ کابینہ نے احساس کفالت پروگرام کے تحت ادائیگی پر ملنے والی کمیشن پر ایس بی آر ٹیکس بھی معاف کردیا۔ ترجمان وزیراعلی سندھ نے کہا کہ اس معافی کا اطلاق صرف متعلقہ بینکنگ ایجنٹس کو ملنے والی کمیشن پر ہوگا۔کابینہ نے سندھ کووڈ ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس 2020 کی منظوری دیتے ہوئے اسے گورنر کو بھیج دیا۔ آرڈیننس میں سکول فیس میں 20 فیصد کمی کی گئی ہے، جبکہ بجلی، پانی، گیس کے بلوں اور رہائشی کرایوں میں رعایت کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ سندھ کابینہ نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے بڑھانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ اوور سپیڈنگ پر موٹرسائیکلز کیلیے جرمانہ 500 روپے، لائٹ وہیکل کیلیے ہزار اور بڑی گاڑیوں پر 1500 روپے، پبلک ٹرانسپورٹ میں زائد مسافر بٹھانے پر جرمانہ 300روپے سے بڑھاکر ایک ہزار روپے، اوور ٹیکنگ کا جرمانہ 300روپے سے بڑھا کر دو ہزار تک کرنے کی تجاویز بھی دے دیں۔سید ناصر حسین شاہ نے سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کے ساتھ کابینہ کے اجلاس پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کابینہ کے ارکان نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ موجودہ صورتحال میں اپنی جون تک کی تنخواہ نہیں لیں گے۔