کرونا: بزنس، سرمایہ کاری پلان، عثمان بزدار نے رائز پنجاب کے فریم ورک کی منظوری دیدی
لاہور(نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے وطن عزیز کو غیرمعمولی حالات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور اس صورتحال کے تناظر میں پنجاب حکومت نے کرونا کی روک تھام کیلئے ہر سطح پر موثر اقدامات کئے ہیں۔ وباء کا پھیلائو روکنے کیلئے حکومتی اقدامات کی مانیٹرنگ میں عوامی نمائندوں کا کردار خصوصی اہمیت رکھتا ہے اور مشترکہ کاوشوں اور اجتماعی حکمت عملی سے اس مرض پر جلد قابو پانے میں مدد ملے گی۔ عثمان بزدار نے پنجاب کے ارکان قومی اسمبلی کے نام خط میں امید ظاہر کی کہ ارکان قومی اسمبلی اپنی تمام ترکوششیں کرونا سے نمٹنے کیلئے بروئے کار لائیںگے۔ پنجاب میں کرونا کی روزانہ ٹیسٹنگ استعدادکار 5 ہزار ہو چکی ہے اور جلد روزانہ10 ہزار ٹیسٹ کی صلاحیت حاصل کر لی جائے گی۔ بیروزگاری کا سامنا کرنیوالے لوگوںکی پریشانیوں کا ادراک ہے اور وزیراعظم کے ویژن کے مطابق مالی دشواریوں کا شکار طبقے کیلئے مالی امداد کا سب سے بڑا پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ رمضان المبارک میں ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی کی وجہ سے عام آدمی کو مشکلات کا سامنا ہے۔ موجودہ صورتحال میںآپ کی یہ قومی ذمہ داری ہے کہ اپنے اضلاع میں انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھیں۔ عوامی نمائندے ذخیرہ اندوزوں اورگراں فروشوں کے خلاف کارروائی کی مانیٹرنگ کا فریضہ سرانجام دیں اور انسداد ڈینگی اورکلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام کیلئے کئے جانے والے اقدامات کی خود نگرانی کریں۔ ہسپتالوں کا دورہ کر کے مریضوں کے علاج معالجہ کی سہولتوں کا بھی جائزہ لیں۔ عوام کی مشکلات کے تدارک اور ان کے مسائل کے حل میں آپ بھرپور کردار ادا کریں۔ مشکل کا یہ وقت جلد گزر جائے گا، دوسروں کا دکھ درد بانٹنے والے اور ضروریات کو پورا کرنے والوں کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔ علاوہ ازیں پنجاب حکومت نے کرونا وباء کے تناظر میںنئی ترقیاتی، بزنس و سرمایہ کاری کو فروغ دینے کا پلان تیار کر لیا ہے۔ بزدار نے رائز پنجاب کے نام سے ابتدائی فریم و رک کی منظوری دے دی ہے۔ چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات نے رائز پنجاب کے فریم ورک کی دستاویز عثمان بزدار کو پیش کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب پہلا صوبہ ہے جس نے کرونا وباء کے پیش نظر بدلتی صورتحال کے تناظر میں رائز پنجاب کا پلان مرتب کیا ہے۔ نئی ترجیحات کاتعین کرنا وقت کا تقاضا ہے۔ صوبے میں ترقیاتی منصوبوں، بزنس کے فروغ اور سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے نئی سوچ کے ساتھ نئے اقدامات کئے جائیںگے۔ رائز پنجاب کے تحت صحت، تعلیم اور سماجی تحفظ کیلئے بھی منفردلائحہ عمل مرتب کیا جارہا ہے۔ ہم نے نئی حکمت عملی پر کام کرتے ہوئے عوامی فلاح کے منصوبوں کو آگے بڑھانا ہے۔ سماجی تحفظ کیلئے بھی پوری توجہ اور انفرادیت کیساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔ سوشل پروٹیکشن فنڈ کے قیام کی تجویز کا جائزہ لے کرجلد رپورٹ پیش کی جائے۔ حالات کے مطابق ترجیحات بھی تبدیل ہوتی ہیں۔ بدلتی صورتحال میں رائز پنجاب کی ابتدائی دستاویز اچھی کاوش ہے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت نجی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ عثمان بزدار نے سابق قومی باکسنگ چیمپیئن عبدالستار خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔