کرونا کا خطرہ طویل عرصے تک قائم رہ سکتا ہے:نریندرمودی
نئی دہلی(کے پی آئی ) بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی نے کہا ہے کہ کورونا کا خطرہ طویل عرصے تک قائم رہ سکتا ہے ۔اس لئے اب سب کو کورونا سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ معیشت کو پٹری پر لانے کے تعلق سے منصوبہ بنا کر اس پر عمل کرنا ہوگا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کورونا وبا کے خلاف چلائی جارہی ملک گیر مہم کے تحت بھارتی وزیراعظم نے چوتھی مرتبہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے وزرائے اعلی کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ میٹنگ کی۔تقریبا تین گھنٹے تک چلنے والی اس میٹنگ میں کورونا وبا کے سبب پیدا صورت حال اور اس سے نمٹنے کے لئے آئندہ اپنائی جانے والی پالیسی اور منصوبوں پر تمام پہلووں سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ۔ مودی نے کہا کہ مکمل بندی کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں اور وقت پر کئے گئے ان اقدامات سے گذشتہ ڈیڑھ ماہ میں ہزاروں افراد کی جانیں بچائی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہندستان کی آبادی کو دیکھتے ہوئے ہماری حالت دیگر ممالک کے مقابلے کہیں بہتر ہے ،لیکن وائرس کا خطرہ ابھی زیادہ وقت تک رہنے والا ہے اس لئے ہمیشہ ہوشیار رہنا بہت ہی ضروری ہے ۔مکمل پابندی کے بعد ملک کو آگے کے راستے پر بڑھنے کے تعلق سے سوچنا ہوگا لیکن ساتھ ہی دو گز دوری کے منتر یعنی سماجی دوری کے اصول پر عمل کر نے سے ہی اس میں کامیابی ملے گی۔ میٹنگ میں تین مئی کے بعد مکمل پابندی کو ہٹانے کے تعلق سے کوئی عام اتفاق نہیں ہوسکا۔