• news

حکومت اور میڈیا میں پل کا کردار ادا کرونگا: شبلی فراز، وزارت کا حلف اٹھالیا

اسلام آباد(جاوید صدیق) وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ وہ کالم نگاروں، اینکر پرسنز اور میڈیا کے دوستوں اور حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کریں گے۔ گزشتہ روز اپنے ایک ٹویٹ میں شبلی فراز نے کہا کہ وہ میڈیا کے ان تمام دوستوں کے شکر گزار ہیں جنھوں نے انھیں اپنا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ وہ وزیراعظم کی بصیرت کے مطابق میڈیا اور وزارت اطلاعات کے درمیان رابطوں کو مستحکم کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ میری اولین ترجیح حکومت کی پالیسیوں کی ترویج اور اشاعت ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ میری اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ فرائض کی انجام دہی میں میری رہنمائی اور مدد کرے۔ وزیراعظم کی خواہش کے مطابق وہ وزارت اطلاعات کو ایک جدید ادارہ بنانے کی بھرپور کوشش کریں گے اور اسے جدید خطوط پر استوار کریں گے۔ ذرائع کے مطابق نئے وزیر اطلاعات آج سے وزارت اطلاعات میں اپنے فرائض کی انجام دہی شروع کریں گے۔ گزشتہ روز انھوں نے اپنے سٹاف کے ارکان سے ملاقات کی۔ سینیٹر شبلی فراز نے وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ وقائع نگار خصوصی کے مطابق ایوانِ صدر میں منگل کو صدر عارف علوی نے شبلی فراز سے حلف لیا۔ تقریب حلف برداری میں کابینہ ارکان اور دیگر حکام نے شرکت کی جس میں کرونا کے باعث سماجی فاصلے کا خاص خیال رکھا گیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے شبلی فراز کو وفاقی وزیر اطلاعات اور عاصم سلیم باجوہ کو معاون خصوصی بننے پر مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات میں نئی ٹیم کی آمد سے حکومتی بیانیہ موثر انداز میں آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔

ای پیپر-دی نیشن