کرپشن پر زیرو ٹالرنس، کیسے ممکن ایک دن سڑک بنے دوسرے دن ٹوٹ جائے: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبہ بھر میں ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کیخلاف بلاتفریق کریک ڈاؤن سخت کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیر اعلی نے کابینہ کمیٹی پرائس کنٹرول کو ہدایات دی ہیں کہ صوبائی کابینہ کمیٹی پرائس کنٹرول اشیاء ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنائے۔ عوام کو مقررہ نرخوں پر اشیاء ضروریہ کی دستیابی میں غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں ہوگی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے انتظامی افسروں کو منڈیوں میں نیلامی کے عمل کو مانیٹر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ اینٹی ہورڈنگ آرڈیننس 2020 کے تحت ذخیرہ اندوزوں کے خلاف ایکشن لیا جائے۔ بابرکت مہینے میں ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے ذخیرہ اندوز مافیا کی سرکوبی ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ آفس میں ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لئے خصوصی اجلاس عثمان بزدار کی زیر صدارت ہوا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بریفنگ کے دوران بعض ترقیاتی منصوبوں کی تصویریں دکھا کر متعلقہ حکام کو لاجواب کردیا اور بعض منصوبوں کے ناقص معیار شدید اظہار برہمی کیا اور متعلقہ حکام سے بازپرس بھی کی۔ وزیراعلیٰ نے ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کو موقع پر جا کر تحقیقات کا حکم دیا۔ عثمان بزدار نے کہاکہ افسران خود جاکر ترقیاتی منصوبوں کا بغور جائزہ لیں، موقع پر کیا ہورہا ہے۔ کیسے ممکن ہے کہ سڑک ایک دن بنے اور اگلے دن ٹوٹی ہوئی نظر آئے۔ خود ٹیمیں بھیج کر ترقیاتی منصوبوں کا خفیہ طورپر جائزہ لے رہا ہوں۔ سرکار کی پائی پائی کے امین ہیں، گھپلے نہیں کرنے دیں گے۔ متعلقہ محکمے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کے بارے میں تصدیقی سرٹیفکیٹ پیش کریں گے۔ عثمان بزدار نے کہاکہ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی بروقت اور معیاری تکمیل یقینی بنائی جائے۔ کرپشن کے بارے میں زیروٹالرنس کی پالیسی پر عمل کریں گے۔ جو افسر کام کرے گا اسے انعا م بھی دیں گے اورکام نہ کرنے والا بالکل برداشت نہیں۔ تساہل، کوتاہی اور کرپشن قطعاً برداشت نہیں کروں گا۔ عثمان بزدار نے لاہور ہائی کورٹ بارکے عہدے داروں اور وکلاء کے وفد کو صوبہ بھر میںکرونا کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث مالی دشواریوں کا سامنا کرنے والے وکلاء کے لئے 10کروڑ روپے امدادی رقم کا چیک دیا ہے۔ عثمان بزدار نے کہاکہ بار ایسوسی ایشن کے ذریعے صوبہ بھر میں مالی دشواریوں کا سامنا کرنے والے وکلاء کو مالی امداد دی جائے گی۔ وکلاء برادری کے مسائل کا بخوبی ادراک ہے۔ حکومت ممکنہ وسائل فراہم کرے گی۔ عثمان بزدار سے سرکار بابا عرفانیؒ سندر شریف کے سجادہ نشین پیر سید محمد حبیب عرفانی نے ملاقات کی۔ عثمان بزدار نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے ان کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی۔