• news

مانانوالہ:مکان کی چھت گرنے سے بہن بھائی جاں بحق، والدین سمیت 5زخمی

مانانوالہ+ بھکھی(نامہ نگاران) مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے دو کمسن بچے جاں بحق، والدین سمیت پانچ افراد شدید زخمی ہو گئے۔ تفصیل کے مطابق مانانوالہ کے نواحی لاگر کا رہائشی محنت کش طاہر جاوید گزشتہ روز سحری کے بعد اپنی بیوی فوزیہ اور بچوں عرشہ بتول، طیب طاہر، سمیع اللہ، صائم، ریحان کے ہمراہ سو رہا تھا کہ اچانک خستہ حال کمرے کی چھت گر گئی جس کے تلے آ کر سبھی شدید زخمی ہو گئے۔ اطلاع پر ریسکیو 1122 کا عملہ اور پولیس موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے مقامی لوگوں کے ہمراہ ملبہ ہٹا کر زخمیوں کو نکالا۔ 15 سالہ حافظ قرآن طیب طاہر اور 13 سالہ عرشہ بتول شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر دم توڑ گئے جبکہ دیگر زخمیوں کو ہسپتال داخل کرا دیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بیان کی گئی ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق گھر کی مرمت کے دوران ایک کمرے کا ملبہ دوسرے کمرے کی چھت پر رکھا ہوا تھا جس کی وجہ سے بوسیدہ چھت وزن برداشت نہ کرتے ہوئے زمین بوس ہو گئی۔ المناک واقعہ میں دو بچوں کی ہلاکت پر علاقہ بھر کی فضا سوگوار ہو گئی۔

ای پیپر-دی نیشن