مئی میں وائرس کی صورتحال خطرناک ہو جائیگی: پی ایم اے ملتان
ملتان ( نوائے وقت رپورٹ) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ملتان کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کے موثر نہ ہونے سے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جس سے آئندہ ماہ صورتحال خطرناک شکل اختیار کر جائے گی۔ حکومت طبی عملے کو حفاظتی کٹس کی فراہمی کیساتھ ایس او پیز پر عملدرآمد کرائے۔ پریس کانفرنس میں پی ایم اے ملتان کے عہدیداروں نے کہا کہ پنجاب بھر میں پچھلے ایک ہفتہ سے کرونا کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ہمارے شعبہ صحت کے وسائل محدود ہیں جو مریضوں کی بہت بڑی تعداد کو علاج کی سہولیات دینے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔ اسی لیے کرونا سے بچاؤ کے حوالے سے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی ہے، جسے پورا کرنے کیلئے حکومت ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے۔ اس موقع پر پی ایم اے کے عہدیداروں نے حفاظتی کٹس کی عدم دستیابی پر وزیر صحت سمیت متعلقہ حکام کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ پی ایم اے کے عہدیداروں نے کرونا وائرس سے جاں بحق ہونیوالے ڈاکٹروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور زیر علاج مریضوں کی صحت یابی کیلئے خصوصی دعا بھی کی۔