• news

بھارت کو ہمیشہ منہ توڑ جواب ملے گا: جنرل باجوہ، ای او سی کا دورہ

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کو جنگ بندی معاہدہ کے خلاف ورزیوں پر ہمیشہ منہ توڑ جواب ملے گا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز کنٹرول لائن پر پاک فوج کے اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج کی اشتعال انگیزیاں خطہ کے امن کیلئے خطرہ ہیں۔ آرمی چیف کو اس موقع پر سلامتی کی تازہ ترین صورتحال، بھارتی فوج کی طرف سے جنگ بندی معاہدہ کی مسلسل خلاف ورزیوں، شہری آبادیوں کو دانستہ نشانہ بنانے اور پاک فوج کی جوابی کارروائی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے فوجی دستوں کی عمدہ آپریشنل تیاریوں اور بہترین مورال کی تعریف کرتے ہوئے افسروں اور جوانوں کی چوکسی اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ آرمی چیف نے کہا کہ بھارت کی قابض فوج کی طرف سے کشمیریوں کی بہیمانہ قتل و غارت گری اور غیراخلاقی طور پر کنٹرول لائن پر شہری آبادیوں کو نشانہ بنانا قطعی ناقابل قبول ہے۔ بھارتی فوج کی اشتعال انگیزیاں خطہ کے امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہیں۔ بھارتی فوج کو جنگ بندی معاہدہ کی خلاف ورزیوں پر ہمیشہ منہ توڑ جواب ملے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج، کنٹرول لائن کے ساتھ بسنے والے نہتے شہریوں کے جان و مال کا تحفظ کرے گی اور مادر وطن کی عزت و وقار اور جغرافیائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرے گی۔ انہوں نے ’’کووڈ۔19 سے بچاؤ کے طریقہ کار پر مکمل علمدرآمد اور اس وبا پر قابو پانے کیلئے آزاد جموں و کشمیر حکومت کی سرگرم مدد کرنے پر بھی دستوں کی تعریف کی اور کہا کہ فوج اس وبا پر قابو پانے کی قومی کوششوں میں تعاون جاری رکھے گی۔ کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس نے کنٹرول لائن کے اگلے مورچوں پر آرمی چیف کا خیرمقدم کیا۔

ای پیپر-دی نیشن