مشکل وقت میں عوام کیساتھ، نیت نیک جذبہ بلند: عثمان بزدار
لاہور+سیالکوٹ (نیوز رپورٹر+زاہد علی خان‘ نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ عثمان احمد خان بزدار نے سیالکوٹ اور ہیڈمرالہ کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سیالکوٹ میں پسرور روڈ پر صرف 5 روز میں قائم 203 بستروں پر مشتمل جدید فیلڈ ہسپتال کا معائنہ کیا۔ کرونا متاثرہ مریضوں کیلئے فراہم کی جانے والی سہولتو ںکا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مختصر وقت میں فیلڈ ہسپتال قائم کرنے پر انتظامیہ کو شاباش دی اور فیلڈ ہسپتال میں علاج معالجے کی جدید سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے احساس کفالت پروگرام کے تحت سیالکوٹ میں مالی امداد تقسیم کرنے کے سینٹر کا دورہ کیا اور سینٹر میں مستحق خواتین میں مالی امداد کی تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے خواتین سے سینٹر میں کئے گئے انتظامات کے بارے میں دریافت کیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اور شفاف ترین مالی امداد کا پروگرام کامیابی سے چل رہا ہے۔ پنجاب میں مالی امداد کی تقسیم کے پروگرام کی خود نگرانی کررہا ہوں۔ حقدار کو اس کا جائز حق دیا جا رہا ہے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ ٹائیگر فورس کے ارکان متاثرہ خاندانوں کی مدد کیلئے دن رات ایک کردیں۔ دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والوں کو دنیا اور آخرت میں اجر ملے گا اور مجھے امید ہے کہ ٹائیگر فورس کے جوان خدمت کی نئی مثال قائم کریں گے۔ عثمان بزدار نے چائلڈ پروٹیکشن سنٹر میں زیرکفالت بچوں سے ملاقات کی اور ان میں تحائف تقسیم کئے۔ عثمان بزدار کی زیرصدارت ڈپٹی کمشنر آفس سیالکوٹ میں اجلاس ہوا جس میں کرونا وائرس کی صورتحال، علاج معالجے کے انتظامات، انسداد ڈینگی کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور گندم خریداری مہم کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سیاسی و انتظامی ٹیم کو مزید متحرک انداز میں عوامی خدمت کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت دکھی انسانیت کے ساتھ کھڑا ہونے کا ہے۔ آپ کی خدمت کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔ منتخب نمائندے اور انتظامی افسران متاثرہ افراد کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ ہماری تمام توجہ کرونا کی روک تھام پر ہے۔ کرونا ایک چیلنج ہے جس سے مشترکہ اقدامات کرنمٹ رہے ہیں۔ پنجاب حکومت مشکل کی گھڑی میں عوام کے شانہ بشانہ ہے۔ ہماری نیت نیک اور جذبے بلند ہیں، سیالکوٹ میں سڑکوں کی صورتحال ابتر ہے۔ گزشتہ 10 برس کے دوران سیالکوٹ کی سڑکوں پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ ہماری حکومت تعمیر و مرمت کرکے سڑکوں کو بہتر بنائے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے سیالکوٹ میں صنعتکاروں کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں صنعتکاروں کی جانب سے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔ عثمان بزدار نے صنعتکاروں کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے بعض صنعتوں کو کام کرنے کی اجازت دی ہے۔ عثمان بزدار نے ہیڈمرالہ کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ صوبائی وزراء محسن لغاری اور حسنین بہادر دریشک بھی ہمراہ تھے۔ چیف انجینئر اریگیشن نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو مرالہ ہیڈ ورکس کے بارے میں بریفنگ دی۔عثمان بزدارنے کنٹرول لائن پر شہری آبادی پر بلااشتعال بھارتی فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پوری دنیا کرونا کی وبا سے نمٹ رہی ہے اور مودی سرکار نہتے شہریوں پر گولیاں برسا رہی ہے۔ کنٹرول لائن کے ساتھ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں بھی بربریت کی انتہا کر رکھی ہے۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس آج 30 اپریل کو ہوگا۔