• news

بحریہ کی کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس ختم: کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کا عزم

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں اختتام پذیر ہو گئی۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کانفرنس کی صدارت کی۔ پاک بحریہ کے فیلڈ کمانڈرز نے ویڈیو ٹیلی کانفرنس کے ذریعے کانفرنس میں شرکت کی۔ خطے کی موجودہ صورتحال، قومی سلامتی، پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں، ٹروپس کی تربیت اور فلاحی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ مزید برآں، چیف آف دی نیول سٹاف کو پاک بحریہ کے جاری اور مستقبل کے مختلف منصوبوں پر بریفنگ بھی دی گئی۔ علاوہ ازیں مقبوضہ کشمیر میں سکیورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر فورم کے شرکاء کشمیریوں کی جائز جدوجہد کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ امیر البحر نے پیشہ وارانہ مہارت اور عزم کے ساتھ میزائل فائرنگ کے کامیاب انعقاد اور پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ آپریشنل تیاریوں کیے ساتھ ساتھ ملک بھر میں کرونا کے پھیلاؤ کے روک تھام اور اپنے ہم وطنوں کی مدد کے لیے پاک بحریہ کی امدادی سرگرمیاں جاری رکھنے کا اعادہ کیا گیا۔ کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس، پاک بحریہ کا اعلیٰ فیصلہ ساز فورم ہے جس میں چیفس آف سٹاف، پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور فیلڈ کمانڈرز پاکستان نیوی کی پالیسیوں اور منصوبہ بندی کا جائزہ لیتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن