کرونا: مزید 22جاں بحق: سول انتظامات کے شانہ بشانہ، ساڑھے 3لاکھ پیکجز کی تقسیم میں مصروف:پاک فوج
اسلام آباد، ساہیوال، چار سدہ (وقائع نگار خصوصی+خبر نگار+ نامہ نگار+شنہوا+ نوائے وقت نیوز ) ملک بھر میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 15525 تک پہنچ گئی جبکہ مزید 22 افراد ہلاک ، تعداد 354 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 806 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ پنجاب میں سب سے زیادہ 5827، سندھ میں 5695کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک بھر میں اب تک ایک لاکھ 65 ہزار 911 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 8 ہزار 530 نئے ٹیسٹ کئے گئے۔ اب تک 3425 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ 44 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ سندھ میں 100، پنجاب میں 100ہوگئی۔ پنجاب میں مزید 6 اور سندھ میں 8 ، خیبر پی کے میں 8 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ محکمہ صحت پنجاب کے مطابق صوبے میں کرونا کے 97 کیس سامنے آنے کے بعد پنجاب میں کرونا وائرس کے کنفرم مریضوں کی تعداد 5827 ہوگئی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ صوبے میں کرونا وائرس سے اب تک کل 100 اموات ہوئیں۔ پنجاب میں 1510 افراد صحت یاب، 22 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ ترجمان ہیلتھ کیئر کا مزید کہنا تھا کہ صوبہ پنجاب میں کرونا کے 77 ہزار 619 ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں۔ تھرپارکر سے اقلیتوں کی مخصوص نشست پر منتخب رکن سندھ اسمبلی رانا ہمیر سنگھ میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ چند روز قبل جماعت اسلامی کے رکن صوبائی اسمبلی عبدالرشید نے مٹھی میں وینٹی لیٹر روم کا افتتاح کیا تھا۔ اس موقع پر رانا ہمیر سنگھ اور رکن قومی اسمبلی مہیش ملانی اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دوسری جانب رانا ہمیر سنگھ کے ترجمان نے بتایا کہ رپورٹ درست نہیں ہے لہٰذا ان کا ٹیسٹ دوبارہ کرایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا صوبے میں مزید 8 افراد جاں بحق ہوگئے اور 404 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ گورنمنٹ قیوم کرونا ہسپتال ساہیوال میں ستر سالہ خاتون بشیراں بی بی دم توڑ گئی۔ بلاک نمبر 6 چیچہ وطنی کی بشیراں کو تین یوم قبل کرونا وائرس ہسپتال شفٹ کیا گیا۔ بشیراں بی بی کے کرونا ٹیسٹ لیبارٹری بھیجے گئے تھے ان کا بھی ابھی تک کوئی رزلٹ نہیں آیا۔ ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد کے ایک اور ڈاکٹر میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی۔ ہسپتال میں اب تک چار ڈاکٹرز کرونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔ کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے سندھ کے رکن اسمبلی سید عبدالرشید کے خاندان کے نو افراد کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔ متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کے ٹکٹ پر کراچی کے علاقے لیاری کی صوبائی اسمبلی کی نشست (پی ایس 108) سے منتخب ہونے والے عبدالرشید میں گزشتہ دنوں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔ سید عبدالرشید کے مطابق متاثر ہونے والوں میں ان کی والدہ اہلیہ بہن اور بچے شامل ہیں۔ ایف بی آر کے ایک افسر کو کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ حکام ایف بی آر کے مطابق افسر میں کرونا کی تصدیق کے بعد ایف بی آر کی بلڈنگ کو سیل کر دیا گیا۔ضلع چارسدہ میں ٹریفک پولیس وارڈن سمیت 53افراد کے نتائج مثبت جبکہ 258کے نتائج نیگٹیو آئے ہیں اس حوالے سے فوکل پرسن برائے کورونا وائرس ڈاکٹر فیروز شاہ کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 29 اپریل کو ضلع بھر میں 04 مریض فوت ہوئے، جبکہ 23 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔لاہور ائیرپورٹ پر 3 پروازوں سے پاکستان آنے والے 105 مسافروں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ بیرون ملک سے پاکستانی شہریوں کو واپس لانے کا سلسلہ جاری ہے اور 3 پروازوں کے ذریعے کئی شہری لاہور ائیرپورٹ پہنچے ہیں جن میں سے متعدد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) میو ہسپتال ڈاکٹر اسد اسلم نے بتایا کہ سعودی عرب سے آنے والی پرواز میں 35 مسافروں میں کرونا کی تصدیق ہوئی جن میں 16 مرد اور 19 خواتین شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سعودیہ سے آنے والے مرد مریض ایکسپوسینٹر قرنطینہ جبکہ خواتین کو میو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دبئی سے آنے والی 2 پروازوں کے 70 مسافروں میں بھی وائرس کی تشخیص ہوئی جنہیں ایکسپو سینٹر قرنطینہ منتقل کیا گیا ہے۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کے تین افسران ڈی ایس پی انیس الدین، سینئر پیٹرول آفیسر قیصر اعوان اورلیڈی جونیئر پیٹرول آفیسر نبیلہ رحیم میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ انسپکٹر جنرل، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام نے کرونا وائرس کے شکار ہونے والے افسران کو ٹیلیفون کر کے ان کی خیریت دریافت کی اور انہیں علاج و معالجہ کے سلسلے میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔دنیا بھر میں کرونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 31 لاکھ89ہزار60 سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد دو لاکھ 25 ہزار617 سے زائد ہوگئی ہے۔ بدھ کو امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق کرونا وائرس سے امریکہ میںمزید 1229 ہلاک، اب تک 60495 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ امریکہ میں یہ وبا خوفناک شکل اختیار کرچکی ہے اور اس سے متاثرین کی تعداد 1035765 ہوگئی ہے۔ نیویارک میں کرونا کے تین لاکھ سے زائد کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 22 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ دنیا بھر میں مہلک کرونا وائرس سے اب تک 218,010 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ اٹلی میںگزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس سے مزید 382 افراد ہلاک ہوئے، تعداد بڑھ کر 27687 ہوگئی۔ سپین میں 24275 ، برطانیہ26097 ، فرانس 23660 ہلاک ہو چکے ہیں۔ برازیل میں اب تک73235 ہزار سے زائد مریضوںکی تصدیق ہوچکی ہے۔ بھارت میں کرونا وائرس سے 1008افراد ہلاک، مریضوں کی تعداد 31 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔ ادھر چین میں کرونا وائرس سے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک بھی شخص ہلاک نہیں ہواتاہم نیشنل ہیلتھ کمیشن کا کہنا ہے کہ 22 نئے انفیکشن سامنے آئے جن میں ایک کے علاوہ باقی سب بیرونی ممالک سے آئے ہیں۔ چین میں کرونا وائرس ہلاکتوں کی مجموعی تعداد بدستور 4633 ہے۔ مصر کے صدر عبد ا لفتاح السیسی نے کرونا وائرس کے باعث ملک میں 3 ماہ کے لیے ایمرجنسی نافذ کردی ہے، ملک میں امن و امان قائم کرنے اور دہشت گردی کے خطرات کو قابو کرنے کی ذمہ داری فوج کے سپرد کی جارہی ہے۔ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ملک میں صحت کے عملے کے لیے کرونا وائرس کی حفاظتی کٹس کی قلت کا اعتراف کرتے ہوئے لاک ڈائون میں11 مئی تک توسیع کر دی ہے۔ سپین نے اعلان کیا ہے کہ وہ چار مرحلوں میںمہلک کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کئے جانے والے لاک ڈاؤن کو ہٹا دے گا اور جون کے آخر تک ملک میں زندگی معمول پر آجائے گی۔ امریکہ میں کرونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد ویت نام جنگ میں مارے گئے امریکیوں سے بھی بڑھ گئی۔امریکی نیشنل آرکائیو کے مطابق ویت نام جنگ میں 58 ہزار 220 امریکی مارے گئے تھے جبکہ امریکہ میں کرونا وائرس سے اب تک 59 ہزار 266 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں۔
کرونا۔ ہلاکتیں
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاک فوج کے دستے ملک بھرمیں کرونا وائرس کی روک تھام کی کوششوں میں سول انتظامیہ کی مدد کر رہے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی جوان امدادی کوششوں کے علاوہ ساڑھے تین لاکھ سے زائد آرمی امدادی پیکجز کی تقسیم میں مصروف ہیں۔ ان پیکجز میں اشیائے خوردنی شامل ہیں جو فوج کی طرف سے کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کیلئے عطیہ کی گئی تنخواہ سے خریدی گئی ہیں جس کامقصد ملک بھرمیں روزانہ اجرت پرکام کرنے والے محنت کشوں، مزدوروں، بیواؤں اورضرورت مند افرادکی مدد کرنا ہے۔ یہ امدادی پیکج پنجاب میں پنڈی، جہلم، مری، ملتان، ڈی جی خان، اوکاڑہ، خانیوال، لیہ، راجن پور، ساہیوال، مطفر گڑھ، لاہور، رحیم یار خان، اٹک، میلسی بہاولپور، ڈیرہ نواب شاہ،فیصل آباد، وہاڑی، لودہراں، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، منگلا، پاک پتن، خوشاب، چیچہ وطنی، میاں چنوں، جھنگ، میانوالی، چکوا؛ل، سرگودہا، گوجرانوالہ، کھاریاں، بھکر، حافظ آباد، نارووال، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، منڈی بہاؤلدین، اور گجرات میں تقسیم کئے گئے۔ سندھ میں کراچی، پنو عاقل، حیدرآباد، چھاچھرو، اور نوشہرو فیروز، خیبرپختونخوا میں رسالپور، پشور، ڈی آئی خان، بنوں، نوشہرہ، تربیلا، ایبٹ آباد، باجور، ٹانک، میران شاہ، خیبر، چراٹ، مردان، ورک، ٹل، میر علی، بلوچستان میں کوئتی، خضدار، ژوب، اورمارہ، آواران، تفتان، دالبندین، ووشک، اور پنجگور، آزادکشمیر میں مظفر آباد، لیپہ ویلی، جہلم ویلی، نیلم ویلی، باغ، راولاکوٹ، بھمبر، کوٹلی اور میرپور جب کہ گلگت بلتستان میں گلگت، استور، جگلوٹ، نگر، دیامیر، گاہکوچ اور چلاس کے مختلف حصوں میں یہ امدادی پیکجز تقسیم کئے گئے۔
پاک فوج