حکومت خواجہ سرائوں کو فوری مالی امداد اور راشن فراہم کرے: رحمن ملک
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) سینٹ کی مجلس قائمہ برائے داخلہ کے چیئرمین سینیٹر رحمان ملک نے فوری طور پر حکومت کو ملک بھر میںموجود خواجہ سراؤں کو فوری مالی امداد و راشن مہیا کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے اس حوالے سے رپورٹ طلب کی لی ہے۔ انہوں نے تمام صوبائی حکومتوں اور چیف کمشنر اسلام آباد کو ہدایت کی ہے کہ وہ خواجہ سرائوں کیلئے لئے گئے اقدامات و شماریات پر رپورٹ کمیٹی کو بھیجیں ۔گزشتہ روز ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تمام صوبائی حکومتیں اس بات کو یقینی بنائیں کہ اس بحران کے دوران خواجہ سراؤں کی بھرپور مدد کی جا رہی ہے، لاک ڈاؤن کیوجہ سے خواجہ سرا سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، خواجہ سرا سب سے زیادہ امداد کے مستحق ہیں، انکا بھرپور خیال رکھا جائے، خواجہ سرا نہ صرف بے گھر افراد ہیں بلکہ انکا کوئی ذریعہ معاش بھی نہیں ہے۔ خواجہ سراؤں کو باقاعدہ آئسولیشن سنٹرز میں رکھا جائے جہاں کھانے پینے سمیت دیگر سہولیات موجود ہوں، خواجہ سرؤاں کی رہائشگاہ کا معائنہ کیاجائے اور انکا باقاعدہ کرونا ٹیسٹ کیجائے، سینیٹر رحمان ملک نے کہا قائمہ کمیٹی داخلہ آئندہ اجلاس میں خواجہ سراؤں کے لئے حکومتی اقدامات کا جائزہ لے گی، دریں اثناء سینیٹر رحمان ملک نے وزیراعظم کو بیرونی قرضے معافی کے لئے فورس میجیور کی تحت عالمی اداروں میں درخواست دائر کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم یہ مشورہ وزیراعظم کو لکھے گئے ایک خط میں دیا ہے۔ کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف، ورلڈ بنک اور یو ایس ایڈ سے قرضے فورس میجیور قانون کے تحت معاف کروائے جا سکتے ہیں۔ ترجمان کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ انہوں نے وزیراعظم کو کچھ بروقت اور موثر اقدامات تجویز کرنے کے لئے خط لکھا ہے۔انہوں نے کہا معاشی بگڑتی صورتحال کو کم کرنے کے لئے کچھ ضروری اقدامات اٹھانا وقت کی ضرورت ہے ۔