کرونا: مزید 18 جاں بحق، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور 2 بچوں کا ٹیسٹ پازیٹو
اسلام آباد، ننکانہ +وقائع نگار خصوصی+ نامہ نگار +اے پی پی+ نامہ نگاران) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کرونا وائرس سے متعلق تازہ ترین اپ ڈیٹ جاری کردیں۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر انکی بیٹی اور بیٹے کا کرونا ٹیسٹ پازیٹو آگیا، قرنطینہ میں چلے گئے، تصدیق شدہ کیسز کی تعداد بھی 16473 تک پہنچ گئی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 874 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ۔ مزید18 اموات کے ساتھ مجموعی اموات361 ہوگئیں۔ این سی او سی کے مطابق پنجاب میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد سب سے زیادہ 6220تک پہنچ گئی۔ غیرملکی سفری پھیلائو 16 فیصد ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران مزید 12 اموات ہوئیں اور 358 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ پنجاب میں مزید6 ہلاکتیں ہوئیں جن کے بعد صوبے میں مجموعی ہلاکتیں 103 ہو گئیں جبکہ سندھ میں 112 ہو گئیں۔ پنجاب سے اب تک کرونا کے مزید 234 کیسز سامنے آئے ہیں اور6 ہلاکتیں بھی رپورٹ ہوئیں جس کی تصدیق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کی۔ پی ڈ ایم اے کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا وائرس سے 1780 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت میںمزید 16 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 313 ہوگئی جبکہ شہر میں وائرس سے اب تک 4 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ بلوچستان میں اب تک کرونا کے مزید4 کیسز سامنے آئے جس کی تصدیق صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی۔ محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد978 ہے جبکہ14 افراد اب تک جاں بحق ہو چکے۔ خیبر کی میں متاثریں کی تعداد 2313، گلگت بلتستان 333، بلوچستان میں متاثرین کی تعداد 1049، اب تک 180 افراد صحت یاب بھی ہوگئے۔ آزاد کشمیر سے کرونا وائرس کا ایک کیس سامنے آیا جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیا گیا۔ پورٹل کے مطابق علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد66 ہوگئی۔ ننکانہ صاحب کے نواحی قصبہ موڑکھنڈا سے تعلق رکھنے والی خاتون کشور بی بی کرونا وائرس کے باعث جاں بحق ہو گئی جس کو موڑکھنڈا کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق نواحی قصبہ موڑکھنڈا کے رہائشی امنت علی کی56سالہ بیوی کشور بی بی جناح ہسپتال لاہور میں زیرعلاج تھی جو کرونا وائرس کے باعث لاہور کے جناح ہسپتال میں انتقال کر گئی تھی جس کی نعش کو ہسپتال انتظامیہ نے تابوت میں پیک کر کے موڑ کھنڈا کے مقامی قبرستان میں دفن کردیا۔ فیصل آبادگلفشاں کالونی جھنگ روڈ کی رہائشی بیالیس سالہ ریحانہ زوجہ یونس کرونا وائرس کاشکار ہو کر اٹھارہ اپریل کو بھی گورنمنٹ جنرل ہسپتال غلام محمد آباد کرونا سنٹر میں داخل کیا گیا اور بائیس اپریل کو رپورٹ مثبت آنے پر علاج معالجہ کیا جارہا تھا کہ گزشتہ روز زندگی کی بازی ہار گئی۔ ملت کالونی سوہدرہ میں کرونا کے 14 مریضوں میں تشخیص ہوئی تھی۔ جن کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہسپتال گوجرانوالہ شفٹ کر دیا گیا تھا۔ ان میں سے ایک معمر خاتون بھی شامل تھیں۔ جن کا کرونا ٹیسٹ پازیٹو آیا تھا۔ اور وہ آج گوجرانوالہ میں چل بسیں۔ تفصیلات کے مطابق محمد ٹرسٹ کے چیئرمین حاجی طارق امین راجپوت کی والدہ ڈسٹرکٹ ہسپتال میں چل بسیں۔ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری قرنطینہ میں چلے ئے وہ دہلی سے ملتان پہنچے تھے۔ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہلی سے اپنے 2 کزن کے ہمراہ ملتان پہنچا تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسی کے مطابق 3 دن سے لاہور کے ہوٹل میں قرنطینہ میں ہوں‘ حکومت کی اجازت سے لاہور میں قرنطینہ میں پہنچا۔ دوست محمد مزاری نے یہ بھی کہا کہ کرونا ٹیسٹ کروایا ہے رپورٹ کا انتظار ہے۔ میرے بارے میں بے بنیاد خبریں چلائی گئیں کہ گھر چلا گیا ہوں۔
خیبرپختونخوا کابینہ کے اجلاس میں کرونا سے شہید ہونے والے تمام سکیل کے فرنٹ لائن ورکرز کے ورثاء کیلئے یکساں بنیادوں پر 70 لاکھ روپے پیکج کی منظوری دے دی گئی۔ کابینہ کے فیصلوں کے بارے میں میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے وزیراعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات اجمل وزیر نے بتایا کہ کابینہ نے کرونا صورتحال کے پیش نظر عام تعطیل میں 15 مئی تک توسیع، تمام ریسٹورنٹس اور فوڈ پوائنٹس ، سیاحتی مقامات، بین الاضلاع اور شہروں کے اندر پبلک ٹرانسپورٹ کی تاحکم ثانی بند ش جبکہ جیلوں میں ملاقاتوں پر تاحکم ثانی پابندی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کابینہ نے دودھ اور دہی کی دکانوں کو شام 4 بجے کے بعد بھی کھلے رہنے کی اجازت دی ہے۔ اس طرح کابینہ نے صارفین کو گوشت کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے مویشی منڈیوں کو کھولنے کی مشروط اجازت دیتے ہوئے اس فیصلے پر عمل درآمد سے قبل ایس او پیز تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ مشیر اطلاعات نے مزید بتایا کہ کابینہ نے خیبرپختونخوا ایپڈیمک کنٹرول اینڈ ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس کی بھی منظوری دے دی ہے ۔ ان ریلیف اقدامات کے تحت نجی تعلیمی ادارے چھ ہزار سے زائد ماہانہ فیس پر 20 فیصد جبکہ چھ ہزار سے کم ماہانہ فیسیوں پر 10 فیصد رعایت دیں گے۔کوئی مالک اپنے کرایہ دار کو تین ماہ تک کرایہ کی عدم ادائیگی پر بے دخل نہیں کر سکے گا۔ ایمرجنسی جاری رہنے کی صورت میں اس تین ماہ کے عرصے میں بھی توسیع کی جائے گی۔
سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔ اسد قیصر کی بیٹی اور بیٹے کا کرونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے اپنے ٹویٹ میں تصدیق کی ہے کہ میرا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔ قوم سے درخواست ہے کہ وہ احتیاط کریں عوام سے دعا کی درخواست ہے ان کے بھائی عبدالوحید نے کہا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر‘ ان کی بیٹی اور بیٹے کیلئے دعا کریں۔
واشنگٹن (شہنوا+ نوائے وقت رپورٹ) دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد32لاکھ 72ہزار 102ہو گئی۔ دنیا بھر میں کرونا سے مرنے والوں کی تعداد 2لاکھ 31ہزار 312 ہو گئی۔ دنیا بھر میں کرونا سے صحتیاب افراد کی تعداد 10لاکھ 31ہزار 502 ہو گئی۔ امریکہ میں گزشتہ روز کرونا سے 725افراد ہلاک ہوئے، مجموعی تعداد62ہزار 380ہو گئی۔ سپین میں گزشتہ روز268افراد جان کی بازی ہار گئے‘ مجموعی تعداد24ہزار 543ہو گئی۔ اٹلی میں گزشتہ روز 285افراد کرونا سے ہلاک ہو ئے، مجموعی تعداد27ہزار 969ہو گئی۔ برطانیہ میں گزشتہ روز674افراد کرونا کا شکار ہو کر ہلاک ہو ئے، مجموعی تعداد 26ہزار 771ہو گئی۔ روس میں گزشتہ روز101افراد کرونا سے ہلاک ہوئے‘ مجموعی تعداد 1073ہو گئی۔ ایران میں گزشتہ روز71افراد ہلاک ہوئے مجموعی ہلاک افراد کی تعداد6028ہو گئی‘ بیلجئم میں گزشتہ روز93افراد لقمہ اجل بن گئے مجموعی تعداد 7594ہو گئی۔ چین کے دارالحکومت بیجنگ میں مسلسل 14 ویں روز نوول کرونا وائرس کا کوئی نیا تصدیق شدہ مقامی یا درآمدی کیس سامنے نہیں آیا۔ یہ بات مقامی حکومت کے عہدیدار نے جمعرات کو بتائی۔ بیجنگ میونسپل گورنمنٹ کے ترجمان شو حیجیان نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ بدھ کے روز بیجنگ میں نوول کرونا وائرس کے تصدیق شدہ ، مشتبہ یا بغیر علامات والے کیسز کی تعداد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا۔ شو نے بتایا کہ شہر کے ضلع چھایانگ جسے پہلے اکٹھے کیسز سامنے آنے کے بعد انتہائی خطرے والے علاقے میں شامل کیا گیا تھا۔ جعمرات کو اسے کم کرکے کم خطرے میں کر دیا گیا ہے۔ بیجنگ نے جمعرات کو نوول کرونا وائرس کی وبا سے متعلق اپنی ہنگامی ردعمل کو بھی انتہائی درجہ سے کم کر کے دوسرے درجہ پر کر دیا ہے۔