سخت مالیاتی ڈسپلن نافذ، گڈ گورننس کیلئے آخری حد تک جائوں گا: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت کابینہ کے 29 واں اجلاس میں پنجاب مینارٹی امپاورمنٹ پیکیج کے تحت ہائر ایجوکیشن کے سرکاری اداروں میں داخلے کیلئے اقلیتوں کی 2 فیصد نشستیں مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پنجاب کابینہ نے ہائر ایجوکیشن کے سرکاری اداروں میں داخلے کیلئے اقلیتوں کی 2 فیصد نشستیں مختص کرنے، ایل ڈی اے پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیمز رولز 2014ء میں ترمیم اور ایل ڈی اے لینڈ یوز رولز 2019ء کی اصولی منظوری دی۔ ایل ڈی اے پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیمز سے متعلقہ امور کا جائزہ لینے کے لئے کمیٹی تشکیل دی گئی۔ کمیٹی صوبائی وزراء کی سفارشات کی روشنی میں مزید اقدامات کرے گی۔ کابینہ نے کرونا سے پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر صوبے میں سخت مالیاتی ڈسپلن نافذ کرنے کا فیصلہ کیا اور پنجاب کابینہ نے صوبے میں غیر ضروری اخراجات پر پابندی عائد کر دی ہے۔ جبکہ نئی ضمنی گرانٹس کے اجراء پر بھی پابندی لگا دی ہے تاہم تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی معمول کے مطابق جاری رہے گی۔ سٹینڈنگ کمیٹی برائے قانون سازی کے ٹرمز آف ریفرنس میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔ ترمیم کے تحت کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے قانون سازی کو اضافی اختیارات تفویض کئے جائیں گے۔ محتسب پنجاب کے سروس کنٹریکٹ میں ایک سال توسیع کی منظوری دی گئی۔ پنجاب انوائرمنٹل ٹربیونل لاہور کیلئے ممبر( ٹیکنیکل )کی تقرری سے متعلقہ ضروری امور کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی گئی۔ کابینہ نے آلٹرنیٹ ڈسپیوٹ ریزولوشن ایکٹ 2019ء اور ایکریڈیشن اتھارٹی اینڈ فریمنگ آف آلٹر نیٹ ڈسپیوٹ ریزولوشن رولز 2020ء کی منظوری دی۔ ملتان میں محکمہ خوراک کی پرانی عمارت میں 100 بستروں پر مشتمل ہسپتال کے قیام کے منصوبے کا جائزہ لینے کیلئے وزارتی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ عثمان بزدار نے سینئر وزیر عبدالعلیم خان اور چیف سیکرٹری جواد رفیق ملک کی کابینہ اجلاس میں شرکت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی خدمت کا سفر جاری و ساری رہے گا۔ کسی کو عوامی خدمت کے سفر میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دیں گے۔ کرپشن کے خلاف زیروٹالرنس کی پالیسی جاری رہے گی۔ پوری ٹیم کو ساتھ لیکر چلوں گا۔ صوبے میں گڈ گورننس کیلئے آخری حد تک جاؤں گا۔ عوام کو سہولت دینے کیلئے سروس ڈلیوری کو مزید بہتر بنائیں گے۔ میری سیاسی و انتظامی ٹیم فیلڈ میں نکل کر عوام کے مسائل کے حل کو ترجیح دے۔ ڈاکٹروں اور دیگر ہیلتھ پروفیشنلز کی تنخواہوں سے کرونا فنڈ کیلئے کی جانے والی کٹوتی واپس ہو گی اور انہیں پوری تنخواہ دی جائے گی۔ اس ضمن میں محکمہ صحت کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ عثمان بزدار نے خودکشی کرنے والے محنت کش کے بچوں کے سر پر دست شفقت رکھ دیا۔ نذیر احمد کے اہل خانہ کی مالی معاونت اور ایک بچے کو سرکاری ملازمت دینے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر مملکت شبیر علی قریشی کوٹ ادو کے علاقے منڈی مویشی میں متوفی نذیر احمد کے گھر گئے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے 3لاکھ روپے کی مالی امداد کا چیک دیا۔ عثمان بزدار نے کنٹرول لائن پر شہری آبادی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے بھارتی فوج کو منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کی جرأت و بہادری کو خراج تحسین پیش کیا۔ محنت کشوں کے حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ کرونا وباء کے پیش نظر محنت کشوں کا عالمی دن سادگی اور سماجی فاصلے برقرار رکھتے ہوئے منا رہے ہیں۔ محنت کش ہمارے ہیرو ہیںجو رزق حلال کما کر معیشت کو مضبوط کرتے ہیں۔ نیا پاکستان محنت کشوں اور مزدوروں کا پاکستان ہے۔