• news

پاکستان پوسٹ نے انٹرنیشنل خطوط کے نرخوں میں اضافہ کر دیا

راولپنڈی( خبرنگار)پاکستان پوسٹ نے انٹرنیشنل خطوط کے نرخوں میں اضافہ کر دیا ہے جس کا اطلاق2مئی سے ہو گا۔ پاکستان پوسٹ کے جاری کردہ سرکلر کے مطابق نئے نرخوں کی منظوری پاکستان پوسٹل سروسز منیجمنٹ بورڈ کے اجلاس میں دی گئی۔نرخوں کے تعین کیلئے دنیا بھر کے ممالک کو تین زونز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ وزن کا پہلا سلیب 20گرام سے بڑھا کر50 گرام کر دیا گیا ہے ۔اب 50 گرام تک یکساں نرخ لاگو ہوں گے۔ زون اے میںشامل چین عرب امارات سعودی عرب ایران عراق ترکی قطر برطانیہ جاپان قطر مراکش اردن کوریاافغانستان بھارت فرانس جرمنی سمیت بیشتر ممالک کیلئے پہلے50 گرام تک 200روپے چارجز ہوں گے۔ زون بی کے ممالک میں امریکہ کینیڈا آسٹریلیا نیوزی لینڈوغیرہ کیلئے 270 روپے،اور زون سی میںرومانیہ تیونس تنزانیہ یو گنڈا اورپیرو وغیرہ کیلئے 280روپے چارجزہونگے۔اسی کے بعد 100گرام،250گرام ، 500 گرام ،ایک کلو ،ڈیڑھ کلو اور دو کلو کے سلیب متعارف کرائے گئے ہیں ۔ رجسٹرڈخطوط کے زیادہ سے زیادہ وزن کی حددو کلو رکھی گئی ہے۔ عوام کی سہولت کیلئے بیرون ممالک بھجوائے جانے والے رجسٹرڈ خطوط پر ٹکٹ لگانے کی شرط ختم کر دی گئی ہے کیونکہ قبل ازیں خطوط پر بڑی تعداد میں ٹکٹ چسپاں کرنے کی وجہ سے صارفین کو مسائل کا سامنا تھا اب وصول شدہ رقم رسید پر ہی درج کی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن