سابق لیگی ایم پی اے اور لیڈی ڈاکٹر سمیت: پاکستان، کرونا سے ایک دن میں 53جاں بحق، ملک بھر میں جمعہ کے محدود اجتماعات
اسلام آباد، لاہور ،سرگودھا، مکہ مکرمہ (وقائع نگار خصوصی+نیوز رپورٹر+نامہ نگار، ممتاز احمد بڈانی، نوائے وقت نیوز ) پاکستان میں کرونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، پاکستان میں ایک دن میں سب سے زیادہ53 اموات، اب تک ملک میں متاثرین کی تعداد17699 جبکہ اموات408 تک پہنچ چکی ہیں۔ اموات اور متاثرین کی بڑھٹی تعدادکا گراف دیکھتے ہوئے مکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ 30 مئی تک ملک میں ڈیڑھ لاکھ افراد وائرس سے متاثر ہوسکتے ہیں۔خیبر پی کے 39، سندھ اور پنجاب میں 6, 6، جبکہ بلوجستان میں مزید2 ہلاکتیں رپورٹ۔ سندھ میں کرونا وائرس کے مزید 622کیسز سامنے آئے، یہ سندھ میں ایک دن میں آنے والے اب تک سب سے زیادہ کیسز ہیں اور 6 اموات سامنے آگئیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ صوبے میں کرونا وائرس کے مزید 3384 ٹیسٹ کیے جس میں سے 622 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔ مجموعی تعداد 6675 ہوگئی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق اب تک مرنے والوں کی تعداد 118 تک پہنچ گئی۔ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 120 نئے کیسز کی تصدیق کردی گئی، 6 اموات بھی رپورٹ۔ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے صوبے میں ان کیسز کے اضافے کے بارے میں بتایا اور کہا کہ اب تک مجموعی کیسز کی تعداد 6340 تک پہنچ چکی ہے۔ سرکاری سطح پر اعداد و شمار فراہم کرنے والی ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں 24 گھنٹوں کے دوران 30 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد وہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 343 تک پہنچ گئی۔ یہاں یہ بات مدنظر رہے کہ اسلام آباد میں کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور گزشتہ روز کیسز کی تصدیق کے بعد سیکٹر آئی10 کے 2 رہائشی علاقوں کو سیل کردیا گیا تھا۔ خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے جمعرات 30 اپریل کو کورونا وائرس کے اعداد و شمار جاری نہیں کیے گئے تھے تاہم آج جمعہ کو جاری اعداد و شمار میں مزید 486 کیسز اور بڑی تعداد میں 39 ہلاکتیں رپورٹ کی گئی ہیں۔ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے پی نے صوبے میں نئے کیسز اور ہلاکتوں کی تصدیق کی۔خیبرپختونخوا میں کوروناکے مجموعی مریضوں کی تعداد 2799 اور ہلاکتیں 161 ہوچکی ہیں جب کہ صوبے میں اب تک کورونا سے 690 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔ تاہم ان کیسز کے باوجود مریضوں کے لیے اْمید کی کرن لوگوں کا صحتیاب ہونا ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 210 مزید مریض صحتیاب ہوگئے۔ جس کے بعد اب تک پاکستان میں کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 4351 تک پہنچ چکی ہے۔کرونا وائرس کے 142 متاثرین کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ پنجاب میں خصوصی پروازوں سے واپس آنے والے بڑی تعداد میں کرونا وائرس کا شکار ہوگئے۔ بلوچستان میں اب تک مزید 75 کیسز سامنے آئے تعداد 1049، جبکہ ہلاکتین 16ہو گئیں۔ نجی ٹی وی نے سیکرٹری صحت پنجاب کیپٹن (ر) محمد عثمان کے حوالے سے بتایا کہ خصوصی پروازوں سے آنے والے259 مریضوں میں کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں 22 فلائٹس میں 2630 مسافر وطن واپس پہنچے، ان میں 11 فلائٹس لاہور ائیرپورٹ،5 فلائٹس مسافروں کو ملتان لے کر پہنچی تھیں۔ اس کے علاوہ 6 فلائٹس مسافروں کو فیصل آباد ائیرپورٹ لے کر آئیں۔ کیپٹن (ر) عثمان نے بتایا دبئی، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے آنے والی فلائٹس سے کرونا وائرس کے کیسز سامنے آئے ہیں۔ لاہور ائیرپورٹ پر اترنے والی فلائٹس میں 154 مسافروں کی رپورٹ مثبت آئی۔ فیصل آباد ائیرپورٹ پر اترنے والی پروازوں میں 57 مسافروں کی رپورٹ مثبت آئی۔ ملتان ائیرپورٹ پر اترنے والی پروازوں میں 48 مسافروں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ سیکرٹری صحت کا مزید کہنا تھا کہ بیرون ملک سے آنے والے افراد کا 48 سے 72 گھنٹے بعد ٹیسٹ کیا جاتا ہے۔ 48 گھنٹے تک بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو قرنطینہ میں رکھا جارہا ہے۔ سندھ میں دوپہر 12 سے ساڑھے تین بجے تک مکمل لاک ڈائون رہا۔ پنجاب، سندھ، خیبر پی کے اور بلوچستان کی مساجد میں محدود نماز جمعہ ادا کی گئی۔ راولپنڈی میں کرونا کا شکار ڈاکٹر رابعہ طیب جان کی بازی ہار گئیں۔ گجر خان سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹر رابعہ طیب نے گزشتہ روز ہی ہائوس جاب شروع کرنی تھی۔ سندھ میں 6 مریض جاں بحق ہوگئے، ہلاکتیں 118 ہو گئیں۔سعودی عرب کے شہر جدہ اور ریاض سے دو پروازیں پانچ سو مسافروں کو لیکر پاکستان روانہ ہوگئیں پروازوں کے ذریعے سعودی عرب میں انتقال کر جانے والے پاکستانیوں کی میتیں بھی بھیجی گئی ہیں۔ ریاض ائیرپورٹ پر پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز نے مسافروں کو روانہ کیا اور کہا کہ حکومت پاکستان سعودی عرب سمیت دیگر تمام ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ سعودی وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق مملکت میں کورونا وائرس کے ایک ہزار 344 نئے مریضوں کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد مملکت بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی کل تعداد 24 ہزار 97 ہوگئی ہے۔ جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 7 مریض زندگی کی بازی ہار گئے ہیں اب تک انتقال کر جانے والے مریضوں کی کل تعداد 169 ہوگئی ہے۔ سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کیلئے اچھی خبر، پاکستانیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ پی آئی اے کی پہلی پرواز 250 پاکستانی شہریوں کو لے کر جدہ سے لاہور پہنچ گئی۔ کرونا وائرس کے باعث ہزارو پاکستانی سعودیہ میں پھنسے ہیں۔ سعودی عرب سے آئے تمام مسافروں کو قرنطینہ سنٹر منتقل کردیا گیا‘ وائرس کی تصدیق پر باقاعدہ علاج کیا جائے گا۔آئی این پی کے مطابق وباء کے باعث سعودی عرب نے 15 مارچ کو تمام ممالک کے لیے فضائی آپریشن بند کر دیا تھا۔لاہور پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز جدہ سے 10 پاکستانیوں کی میتیں بھی لیکر آئی۔مسلم لیگ ن کے سابق رکن پنجاب اسمبلی حاجی اللہ یار انصاری کورونا وائرس کا شکار ہو کر انتقال کر گئے جن کو نماز جنازہ کے بعد مرکزی قبرستان میں ایس او پیز کے ساتھ تابوت میں سپردخاک کر دیا گیا۔زرائع کے مطابق اسلام پورہ سرگودھا میں سابق ایم پی اے اللہ یار انصاری کورونا وائرس کی علامات پر گھر میں قرنطینہ تھے کہ حالت بگڑ جانے پر ڈی ایچ او ٹیچنگ ہسپتال لیجایا گیا جہاں وہ کورونا وائرس میں مبتلا دم توڑ گے۔حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور میں پلازما سے کرونا وائرس کے مریضوں کے علاج کا آغاز ہو گیا۔ اس سلسلے میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بلڈڈیزیز کے ساتھ ایک ایم او یو زیر دستخط ہوئے ایک صحتیاب مریض پلازمہ دو مریضوں کو لگایا جا سکتا ہے۔
کرونا پاکستان
بیجنگ، نیویارک، لندن (شنہوا، صباح نیوز، اے پی پی) کرونا وائرس دنیا بھر میں دو لاکھ 37 ہزار 465 زندگیاں نگل گیا۔ امریکہ میں تیسرے دن بھی 2000سے زائد اموات،مزید 1027، برطانیہ میں مزید 739، سپین 281، ہلاکتیں 24824، برازیل 116، اٹلی میں 269 افراد ہلاک ہوئے۔ وائرس سے متاثرہ 33,64,110 افراد میں سے دس لاکھ 69 ہزار افراد صحت یاب ہو گئے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کرہ ارض مہلک وائرس کی زد میں ہے۔ امریکہ میں اموات کی تعداد63ہزار871 سے تجاوز کر گئی۔ متاثرہ افراد کی تعداد 10 لاکھ 95 ہزار 304سے زائد ہو گئی ہے جبکہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 55 ہزار 7 سو سے زائد ہوگئی۔ برطانیہ میں ہلاکتیں 27510 , فرانس میں تعداد 24 ہزار300سے زائد اور متاثرہ ایک لاکھ 66 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ جرمنی میں بھی اموات کی تعداد 6 ہزار400سے بڑھ گئی ہے، مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 67 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ برازیل میں مزید 390 افراد جان سے گئے، تعداد 5 ہزار 901 ہو گئی۔ اٹلی میں ہلاک تعداد 27 ہزار967ہو گئی۔ کینیڈا میں مزید 188 افراد جان سے گئے جس کے بعد تعداد 3 ہزار 184 ہو گئی۔ ترکی میں مزید 93 ہلاکتوں کے بعد تعداد 3 ہزار 174 ہو گئی، روس میں مزید 101 ہلاکتوں کے بعد تعداد ایک ہزار 73 ہو گئی۔ روس میں مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے اوپر چلی گئی ہے، مزید سات ہزار مریض سامنے آگئے جبکہ 100 افراد جان سے چلے گئے۔ چین میں کرونا وائرس کے 12 نئے مریض سامنے آگئے جن میں سے چھ کیس بیرون ملک سے آئے لوگوں سے منسلک ہیں۔ بھارت میں کرونا وائرس کے دو ہزار نئے کیسز سامنے آگئے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 1147 ہوگئی ہے۔ ملائیشیا کے وزیراعظم محی الدین یاسین نے 4مئی سے ملک بھر میں زیادہ تر کاروبار کھولنے کا اعلان کردیا ہے۔ تاہم کسی قسم کی عبادت اور ایسے کاروبار پر پابندی برقرا رہے گی جس میں کثیر تعداد میں لوگوں کے ایک جگہ جمع ہونے کا اندیشہ ہوگا۔ وزیراعظم محی الدین یاسین نے بتایا کہ ملک میں تعلیمی سرگرمیاں فی الحال بحال نہیں کی جائیں گی۔ بھارت نے لاک ڈائون میں دو ہفتے اضافہ کر دیا، ترکی 84، ایران میں 63 ہلاکتیں ، تعداد 6091 ہو گئی۔ ہانک کانگ میں مزید 2 کیسز رپورٹ ، ایک طالبا اور ایک شخص واپس آئے ، جن میں وائرس پازیٹو نکلا۔
عالمی اموات