نوجوان لاک ڈائون میں اسلامی تاریخ پڑھیں، شجرکاری سے روزگار پیدا ہوگا: عمران خان
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرونا کی وباء کے دوران شجرکاری سے نہ صرف ملک میں جنگلات کو فروغ ملے گا بلکہ اس سے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ اس لحاظ سے یہ ایک تیر سے دو شکار کے مصداق دوہرے فائدے کا حامل ہے۔ جمعہ کو اپنے ٹوئٹر پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے ورلڈ اکنامک فورم (ڈبلیو ای ایف) کا ایک ویڈیو کلپ شیئر کیا جس میں عالمی وباء کے دوران پاکستان کی حکومت کی طرف سے شجرکاری کے ذریعے ملک کے بیروزگار نوجوانوں اور افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے اقدام کو اجاگر کیا گیا ہے۔ ڈبلیو ای ایف کی ویڈیو کے مطابق اب پودے لگا کر روزانہ اجرت پر کام کرنے والا دیہاڑی دار مزدور لاک ڈائون کے دوران تین ڈالر روزانہ کما کر اپنا اور اپنے بال بچوں کا پیٹ پال سکتا ہے۔ ویڈیو میں اس روزگار کو ’’جنگل جابز‘‘ کا نام دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ آج جو چھوٹے چھوٹے پودے اور بیج لگائے جا رہے ہیں کل وہ تناور درخت بن کر ملک میں جنگلات کے رقبہ میں اضافہ کریں گے اور یہ عمل ہزاروں لوگوں کو روزگار دینے کا ذریعہ بھی بن رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے نوجوانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ لاک ڈائون کے دوران اسلامی تاریخ سے متعلق معروف اسلامی سکالر فراس الخطیب کی کتاب کا مطالعہ کریں ۔ جمعہ کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہاکہ لاک ڈائون کے دوران ہمارے نوجوانوں کیلئے اسلامی تاریخ سے متعلق کتاب History Reclaiming Muslim Civilisation from the Past Lost Islamicبہترین مطالعہ ہے۔ اس کتاب میں اس وقت اسلامی تہذیب کو عظیم بنانے والی محرک قوت اور پھر اس کے زوال کی وجوہات کو شاندار انداز میں مختصر بیان کیا گیا ہے۔