سندھ کے اقدامات سے پاکستان نیویارک بننے سے بچ گیا: بلاول
کراچی +اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی +نمائندہ خصوصی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح عوام کی زندگی کو محفوظ بنانا ہے، ایک سازش کے تحت قومی جذبے کو سبوتاژ کرنیکی کوشش جارہی ہے۔بلاول کی زیر صدارت پارٹی کے سیکریٹریز اطلاعات کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے پارٹی کے رہنماوں نے شرکت کی۔بلاول نے کہا کہ روزانہ اجرت پر کام کرنے والوں کے لئے حکومت نے کچھ نہیں کیا، ہم ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی گائیڈ لائن پرکام کررہے ہیں۔سندھ کے بروقت اقدامات سے پاکستان، ووہان، اٹلی اور نیویارک بننے سے بچ گیا، سندھ کی پیروی کرکے دیگر صوبوں کو بھی صورت حال کو کنٹرول کرنے کا موقع ملا۔ہماری سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے، کسی بھی قسم کی قربانی دینے کے لئے تیار ہیں۔وفاق نے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو کوئی سہولت نہیں دی، جبکہ وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ تمام صوبوں کی مدد کرے۔ بلاول بھٹو کو بریفنگ دیتے ہوئے روبینہ خالد نے بتایا کہ بلوچستان میں ٹیسٹ کٹس نہیں، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، کے پی کے میں ڈاکٹرز جان کی بازی ہار رہے ہیں اور حفاظتی سامان نہیں ہے۔حسن مرتضیٰ نے بتایا کہ پنجاب میں لوگ طبی سہولیات کے لئے پریشان ہیں۔سعدیہ دانش نے بلاول بھٹو کو بتایا کہ گلگت بلتستان میں نہ ٹیسٹ کٹس ہیں نہ کوئی مراعات، جبکہ وفاق نے آزاد کشمیر کو مکمل طور پر نظر انداز کیا ہوا ہے۔پریس کی آزادی کے عالمی دن کے پر پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت میڈیا کو دبانے اور ان کوششوں سے باز آ جائے، جن کے ذریعے وہ قومی میڈیا کو ذاتی پروپیگنڈا مشین بنانے پر تلی ہوئی ہے تاکہ وہ اسے مخالفین پر جبر کے لئے ایک آلے کے طور استعمال کرسکے۔ صحافیوں نے آزادی صحافت کے لئے بڑی قربانیاں دیں ہیں، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی آزادیِ اظہارِ رائے کی ہر جدوجہد میں ہمیشہ صحافی برادری کے شانہ بشانہ کھڑی رہی، آئندہ بھی رہے گی۔