• news

کرونا قوم کیلئے آزمائش‘ صبر، احتیاطی تدابیر کیساتھ قابو پانا ہوگا‘ اسد قیصر بزدار کا فون، نیک خواہشات کا اظہار

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ کرونا وائرس پوری قوم کیلئے ایک آزمائش ہے جس پر صبر اور احتیاطی تدابیر کے ساتھ قابو پایا جا سکتا ہے۔ پاکستانی قوم کا بحرانوں کے خلاف ثابت قدمی کا مظاہرہ قابل ستائش ہے۔ اپنی رہائش گاہ سے ایک ویڈیو پیغام میں سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستانی قوم تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے صبر کا مظاہرہ کر کے اس بیماری پر قابو پالے گی۔ عام آدمی کو تعلیم دینا ہی اس بیماری کا واحد علاج ہے۔ انہوں نے پاکستانی میڈیا کے ذمہ دارانہ کردار کی تعریف کرتے ہوئے میڈیا پر زور دیا کہ وہ اس عالمی بحران کے دوران مثبت رپورٹنگ کرتے ہوئے عوام کو آگاہی فراہم کرے۔ اسلام موذی امراض اور وباء کے دوران تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تعلیم دیتا ہے۔ سپیکر نے اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ سے ان کی صحت کے بارے دریافت کرنے اور ان کی صحت یابی کے لئے دعا کرنے پر ان سے اظہار تشکرکیا۔ سپیکر نے بیٹے اور بیٹی کے ساتھ کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اپنے گھر میں قرنطینہ کیا ہوا ہے۔ آئی این پی کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو فون کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے سپیکر قومی اسمبلی ان کے بیٹے اور بیٹی کی صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور جلد صحت یابی کی دعاکرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ آپ سب لوگوں کو جلد صحتیاب کرے۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا۔

ای پیپر-دی نیشن