• news

10لاکھ خاندانوں کو رمضان پیکج کے تحت 3ہزار فی کس دینگے: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر +کامرس رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مزدور کے مسائل کا ادراک ہے۔ کاروبار اور صنعتوں کوکھولنے کے لئے وفاقی حکومت کو سفارشات پیش کر رہے ہیں۔ ویڈیولنک پر پریس کانفرنس سے خطاب میں عثمان بزدار نے بتایا کہ حکومت پنجاب وفاقی حکومت کو لاک ڈائون میں نرمی کے بارے میں سفارشات پیش کر رہی ہے جس کا فیصلہ نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں ہوگا۔ وفاقی حکومت سے گزارش کی ہے کہ روڈ سیکٹر اور بلڈنگ کے علاوہ کنسٹرکشن سے متعلقہ دیگر انڈسٹری کو کھولنے کی اجازت دی جائے، اسی طرح ایکسپورٹ سیکٹر سے منسلک فیڈنگ انڈسٹری کو بھی کھولنے کی سفارش کی گئی ہے۔ پاور لومز اور ایسی تمام فیکٹریز جن کے اندر اپنی لیبر کالونیاں موجود ہیں انہیں بھی کھولنے کی درخواست کی گئی ہے۔ آئرن اینڈ سٹیل انڈسٹری اور ہوم اپلائسسز انڈسٹری کو کھولنے کے بارے میں سفارش کی گئی ہے۔ صوبہ بھر کی مارکیٹوں اور بازاروں کو زونز میں تقسیم کر کے مختلف ایام میں کھولنے کے حوالے سے وفاقی حکومت کو اپنی سفارشات پیش کی گئی ہیںجن کے تحت ضلعی ا نتظامیہ ، ا نجمن تاجران، چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری اور دیگر سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مارکیٹیں اور بازار کھولنے کی اجازت کا فیصلہ کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے بتایاکہ فیز۔ون میں ابتدائی طو رپر صوبے کے 6اضلاع لاہور، راولپنڈی، ملتان، گوجرانوالہ ،گجرات اور فیصل آباد میں سمارٹ سیمپلنگ کا آغاز کیا جا رہاہے۔ سمارٹ سیمپلنگ کے تحت میڈیا ہائوسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار، انتظامی افسروں کے دفاتر، ہیلتھ ورکرز، ٹی بی اور ایڈ ز کے مریضوں، ہسپتالوں میںزیر علاج حاملہ خواتین اور جیلوں میں بند قیدیوںکے کرونا ٹیسٹ کئے جائیں گے۔ اب روزانہ 6 ہزار ٹیسٹ کر سکیں گے۔ پنجاب میں اس وقت ٹیسٹنگ کٹس، پی پی ایز کٹس او ربیڈز کی کوئی کمی نہیں۔ بیرون ملک سے آنے والے دوسرے صوبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کومتعلقہ صوبائی حکومتو ں سے رابطہ کر کے ائیرپورٹ سے ہی ان کے صوبوں میں بھیج دیا جائے گا۔ صوبہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے افراد کو ان کے اضلاع میں روانہ کیا جائے گا اورانہیں 48گھنٹوں میں ٹیسٹ رپورٹ نیگیٹیو آنے کی صورت میں گھر بھیج دیا جائے گا۔ ایکسپو سنٹر میں مبینہ بد انتظامی کے بارے میں انکوائری کاحکم دیا جا چکا ہے اور جلد انکوائری رپورٹ آجائے گی۔کرونا کے مریضوں کے ساتھ ہیں ان کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہونے دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ احساس کفالت پروگرام کے تحت ابھی تک 28لاکھ خاندانوں میں 34ارب روپے تقسیم کئے جا چکے ہیں اور امداد کا سلسلہ ابھی جاری ہے۔ اگلے ہفتے سے انصاف امداد پیکیج کے تحت 25 لاکھ خاندانوں میں 12ہزار فی کس امداد کی فراہمی شروع ہوجائے گی۔ اس کے علاوہ مزید 10لاکھ خاندانوں کو رمضان پیکیج کے تحت 3ہزار روپے فی کس دئیے جائیں گے۔ لاک ڈائو ن کی وجہ سے صوبہ بھر میں غریب، مزدور اورمحنت کش دیہاڑی دار طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔ ہمیں ان کی مشکلات کا ا ندازہ ہے اور ہم ان کا ازالہ کرنے کے لئے یکسو ہیں۔ عثمان بزدار سے میاں اسلم اقبال اور چیئرمین ٹیوٹا علی سلمان نے ملاقات کی۔ چیئرمین ٹیوٹا علی سلمان نے افسروں، اساتذہ اورعملے کی جانب سے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو چیف منسٹر فنڈ برائے کرونا کنٹرول میں 72لاکھ روپے کاچیک پیش کیا۔ چین سٹور ایسوسی ایشن پاکستان کے ایگزیکٹو کمیٹی ممبر ایس ایم نبیل نے عثمان بزدار سے ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ کو بتایا کہ کرونا وائرس لاک ڈاؤن اور اس سے پیدا ہونے والی صورتحال نے ریٹیل چین سٹورز کے کاروبار کو بہت بری طرح متاثر کیا ہے۔ کابینہ کمیٹی کے ویڈیو لنک اجلاس میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں 9ہزار سے زائد صنعتی یونٹس کو کام کرنے کی اجازت دی جا چکی ہے۔ مزید صنعتی یونٹس کو کام کرنے کی اجازت دیں گے اور اس ضمن میں سفارشات تیار کر لی گئی ہیں۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر انڈسٹری کو بند کر دیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن