پٹرول سستا کیا، مہنگائی کم ہونی چاہئے، ریلیف فنڈ آڈٹ سامنے لائیں گے: عمران
اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ) وزیراعظم عمران خان نے کرونا وائرس کے باعث ملازمت سے محروم ہونے والے افراد کے لیے احساس کیش پروگرام کے دوسرے مرحلے کا آغاز کردیا۔ اسلام آباد میں کرونا ریلیف فنڈ کے ویب پورٹل کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے احساس کیش پروگرام کے دوسرے مرحلے کے لیے ویب پورٹل کے آغاز کا بھی اعلان کیا، جہاں ملازمت سے محروم ہونے والے افراد اندراج کرکے رقم کے حصول کے لیے خود کو رجسٹر کرواسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک 3 ہفتوں میں 68 لاکھ خاندانوں میں 81 ارب روپے سے زائد تقسیم ہوچکے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم آج ملازمت سے محروم ہونے والے افراد کے لیے ویب سائٹ کا آغاز کررہے ہیں جہاں وہ اندراج کرکے رقم حاصل کرسکتے ہیں۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ٹائیگر فورس اس پورٹل پر اندراج کروانے افراد کی معلومات درج کرنے میں مدد کرے اور رجسٹرڈ افراد کی جانچ پڑتال کے بعد انہیں رقم ادا کی جائے گی۔ انہوں نے وزیراعظم کرونا ریلیف فنڈ میں عطیات دینے والے افراد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میں خود کرونا ریلیف فنڈ کی نگرانی کررہا ہوں، اس کے تحت پیسے شفاف طریقے سے تقسیم کیے جائیں گے، اس کا آڈٹ ہوگا اور عوام کے سامنے رقم کی تفصیل بھی سامنے لائی جائے گی۔ عمران خان نے کہا کہ اس فنڈ میں دیئے جانے والے عطیات میں 4 گنا عطیات حکومت خود شامل کرے گی تاکہ ان فنڈز کو زیادہ سے زیادہ افراد تک پہنچایا جاسکے۔ وزیراعظم نے کہا کہ لاک ڈاؤن سے بہت زیادہ لوگ متاثر ہوئے اور امیر ملک بھی ہر متاثرہ شخص تک نہیں پہنچ پا رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاک ڈاؤن زیادہ عرصے تک نہیں چل سکتے، امیر ممالک کو بھی یہ احساس ہو رہا ہے اس لیے وہ کاروبار کی بحالی کی طرف جارہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اب ہر ملک کی کوشش ہے کہ کاروبار دوبارہ شروع ہو، نیویارک سب سے زیادہ متاثر ہوا لیکن وہاں بھی صنعتیں کھولی جارہی ہیں جتنی زیادہ صنعتیں کھلے گیں اتنا زیادہ روزگار ملے گا۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم تعمیراتی صنعت کو پوری طرح کھول رہے ہیں اور انہیں مراعات بھی دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت برصغیر میں پیٹرولیم مصنوعات کی سب سے کم قیمت پاکستان میں ہے اور اب تک ایک ماہ میں پٹرول پر 30 روپے اور ڈیزل پر 42 روپے کم کیے۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں پٹرول 81 روپے فی لیٹر جبکہ بھارت میں 153 روپے اور بنگلہ دیش میں 170 روپے میں فروخت ہورہا ہے، ہم نے ایک ماہ میں مٹی کا تیل 45 روپے سستا کیا، مجھے یہ کہتے ہوئے بہت خوشی ہورہی ہے کہ ہم نے قیمتیں برقرار رکھنے کی جگہ عوام کو ریلیف دیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد میں نے تمام سیکرٹریز کو باقی چیزوں کی قیمتوں میں بھی کمی کی ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ لوگوں کو روزگار کیسے دیں اور ان کی معاشی مشکلات کیسے دور کریں۔ عمران خان نے مزید کہا کہ ہمیں اگلے 6ماہ سے ایک سال تک کرونا کے ساتھ رہنا پڑ سکتا ہے۔ اس لیے ہمیں تیار رہنا ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ جن لوگوں کا کرونا ٹیسٹ مثبت آتا ہے ان میں سے زیادہ تر میں علامات ظاہر نہیں ہوتیں اور صرف 5 فیصد لوگوں کو ہسپتال جانا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مثبت ٹیسٹ والے افراد کو اپنے گھروں میں قرنطینہ کرنا چاہیے، لوگ قرنطینہ مراکز میں خوش نہیں ہوتے جب انہیں زبردستی وہاں لایا جاتا ہے۔ وزیراعظم کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے احساس کیش پروگرام کے دوسرے مرحلے میں رجسٹریشن کا طریقہ کار بیان کیا۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ یہ پروگرام ان افراد کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے جو کرونا وائرس کے باعث ملازمت سے محروم ہوچکے ہیں اور وہ حکومت کے پورٹل پر رجسٹر ہوسکتے ہیں۔ معاون خصوصی نے کہا کہ صرف اسی ویب پورٹل کے ذریعے رجسٹریشن کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے آپ کا شناختی کارڈ اور موبائل فارم مانگا جائے گا، اس کے بعد کوڈ داخل کریں جس سے وائرس سے بچاؤ کے لیے تصدیق کی جائے گی اور نادرا سے منسلک فارم کھلے گا جس میں تنخواہ اور پیشے کی تفصیلات پوچھی جائیں گی۔ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ فارم میں ذاتی کاروبار اور ملازمت سے متعلق، کمپنی، ٹھیکیدار یا آجر کا نام پوچھا جائے گا، جس کے بعد ضلع یا تحصیل کا نام درج کرنا ہوگا۔ بعدازاں ثانیہ نشتر نے فارم میں موجود تصدیق نامہ پڑھ کر سنایا اور بتایا کہ یہ پورٹل 2 سے 3 ہفتے تک درخواستوں کے لیے کھلا ہے۔ ان کے بعد وفاقی وزیر صنعت حماد اظہر نے کہا کہ ہم نے اب تک پٹرول کی قیمت میں 30 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 42 روپے کمی کی ہے۔ وفاقی وزیر صنعت حماد اظہر نے حکومت کی جانب سے کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے چھوٹے کاروباروں کی مدد کے لیے حکومت کی جانب سے ریلیف کے اقدامات کی تفصیلات بتائیں۔ حماد اظہر نے کہا کے حکومت 5سے 70 کے وی بجلی ماہانہ استعمال کرنے والے افراد کے 3 ماہ کا بجلی کا بل ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ دیگر اقدامات میں شرح سود میں کمی اور تعمیراتی شعبے کے لیے غیر معمولی مراعات شامل ہیں انہوں نے مزید کہا کہ حکومت چھوٹے کاروباروں کے لیے بلا سود قرضے کی سکیم بھی لائے گی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم کا روسی ہم منصب کی جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرونا کیخلاف جنگ میں روس کے ساتھ کھڑے ہیں ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ کرونا وائرس مشترکہ چیلنج ہے روسی وزیراعظم میخائل میشوتن کی جلد شفایابی اور عمدہ صحت کیلئے دعا گو ہے کرونا وائرس ایک مشترکہ چیلنج ہے اور اس چیلنج سے نبرد آزما ہونے کیلئے ہم اپنے روسی احباب کیساتھ ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کے وزیراعظم میخائل میشوتن کا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا گیا ہے جس کے بعد انہوں نے اپنا عہدہ عارضی طورپر چھوڑ دیا ہے۔