• news

ہاتھ ملانے سمیت کئی پابندیاں ‘ٹینس میچز کیلئے گائیڈ لائنز جاری

لاہور(سپورٹس ڈیسک )انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے انٹر نیشنل اور مقامی ٹورنا منٹس کیلئے گائیڈ لائن جاری کر دی ہیں ۔ میچ کے دوران کھلاڑیوں کے ہاتھ ملانے پر پابندی عائد کر دی گئی ۔رپورٹ کے مطابق کسی بھی ملک میں اس وقت تک مقابلے شروع نہیں ہونگے جب تک وہاں کی حکومت اجازت نہیں دیتی ہے ۔ گائیڈ لائنز کے مطابق کھلاڑی میچ سے قبل یونیفارم پہن کر آئیں گے اور میچ کے ختم ہوتے ہی فوری واپس چلے جائیں گے ۔ آئی ٹی ایف کے مطابق لاکر رومز استعمال نہیں کئے جائیں گے ۔ میچ کے دوران کھلاڑیوں ‘سٹاف ‘آفیشلز کیلئے ماسک پہننا لازمی ہو گا۔ تمام افراد کے درمیان کم ازکم فاصلہ دو میٹر رکھناہو گا۔ تمام کھلاڑیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی گیندیں استعمال کرینگے ۔بال بوائز اور گرلز میچ کے دوران ربڑ کے دستانے استعمال کرینگے ۔ کھلاڑیوں کے آٹو گراف اور سیلفیز پر پابندی ہوگی ۔ تمام میچز سنگلز کی بنیاد پر کھیلے جائیں گے اور شائقین کے سٹیڈیم داخلے پر پابندی ہوگی ۔

ای پیپر-دی نیشن