• news

وزیر اعظم آج ٹائیگر فورس سے خطاب ‘ ارکان اسمبلی کو کرونا اقدامات پر اعتماد میں لیں گے

اسلام آباد (این این آئی‘ نیٹ نیوز) ملک بھر میں آج سے ٹائیگر فورس اپنا کام شروع کر دے گی۔ وزیراعظم عمران خان آج ٹائیگر فورس سے خطاب کریں گے۔ ملک بھر سے ٹائیگر فورس کے 10 لاکھ رضاکار رجسٹرڈ ہوئے تھے۔ 10لاکھ جوان سٹیزن پورٹل ایپ سے رجسٹر کیے گئے، 4ہزار 370 یوٹیلٹی سٹورز اور 1000 سے زیادہ فرنچائزز پر ٹائیگر فورس کے جوان موجود رہیں گے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے بتایا تھا کہ سندھ سے کوئی جواب نہیں آیا کہ ڈپٹی کمشنرز ٹائیگر فورس کیساتھ مل کر کام کریں گے یا نہیں۔ خیبرپی کے، پنجاب اور بلوچستان میں ٹائیگر فورس پیر سے کام شروع کردیگی۔ ٹائیگر فورس کے ہیلتھ ورکرز کو ہسپتالوں میں تمام حفاظتی سامان دیا جائے گا۔ مساجد میں ٹائیگر فورس کے جوان موجود رہیں گے اور ایس او پیز پر عملدرآمد کروائیں گے۔ سٹیزن پورٹل سے رجسٹرڈ جوانوں کو کوڈ دیا جائے گا تاکہ ان کو چیک کیا جاسکے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا ٹائیگر فورس کے لئے پیغام بھی ریکارڈ کیا جائے گا۔ وزیراعظم کا یہ پیغام کرونا ریلیف ٹائیگر فورس کے موبائل فونز پر بھیجا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا خطاب سوشل م یڈیا پر بھی جاری کیا جائیگا۔ وزیراعظم ٹائیگر فورس کو ضروری گائیڈ لائنز دیں گے۔علاوہ ازیں کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورت حال پر وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اراکین اسمبلی کو آج پیر کو اعتماد میں لئے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ذرائع کے مطابق ارکان اسمبلی وزیراعظم کو اپنے حلقوں میں مسائل سے آگاہ کریں گے۔ اجلاس میں حلقوں میں ہونے والی کرونا کی صورتحال کا جائزہ بھی لیا جائیگا۔ وزیراعظم اجلاس میں اراکین اسمبلی کو اہم ہدایات بھی دیں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم حکومتی اقدامات پر ارکان کو اعتماد میں لیں گے۔ تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن