کرونا: پاکستان میں مریضوں کی تعداد 20ہزار سے بڑھ گئی، ڈاکٹر سمیت مزید 25جاں بحق
اسلام آباد ‘ گوجرانوالہ‘ فیصل آباد( نوائے وقت نیوز‘وقائع نگار خصوصی‘ نمائندہ خصوصی) ملک میں کرونا وائرس سے ڈاکٹر سمیت مزید 25 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 462 ہو گئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 20134 تک جاپہنچی ہے۔اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاںکرونا سے 180 افراد انتقال کر چکے ہیں جب کہ سندھ میں 130 اور پنجاب میں 121 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔اس کے علاوہ بلوچستان میں 19، اسلام آباد 4 اور گلگت بلتستان میں 3 افراد مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اب تک ملک بھر سے کرونا کے 1258 نئے کیسز اور 25 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں، پنجاب میں 640 کیسز اور 6 مزید افراد جاں بحق ہوئے جب کہ سندھ میں 363 نئے کیسز اور 8 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔خیبرپختونخوا میں بھی 8 افراد جاں بحق اور 222 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ اسلام آباد میں 28 اور آزاد کشمیر میں 5 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔سندھ میں کرونا کے کیسز کی مجموعی تعداد 7465 ہو گئی ہے۔حکومت سندھ کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے نئے کیسز اور اموات کی تصدیق اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں اب تک 1555 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔پنجاب سے اب تک کرونا کے 640 کیسز اور 6 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق صوبائی حکومت کی جانب سے بھی کی گئی ہے۔ نئے کیسز اور ہلاکتیں سامنے آنے کے بعد صوبے میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 7494 تک پہنچ گئی ہیں۔ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کے ترجمان کے مطابق اب تک 768 زائرین سنٹر ز، 1926 رائے ونڈ سے منسلک افراد، 86 قیدیوں اور 4714 عام شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی کرونا وائرس کے مزید 28 کیسز سامنے آئے ہیں۔سرکاری پورٹل کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 393 ہوگئی ہے۔ خیبر پختونخوا میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3129 ہوگئی ہے محکمہ صحت نے بتایاکہ صوبے میں اب تک کورونا سے 811 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔بلوچستان میں بھی گزشتہ روز 36 افراد میں کرونا کی تصدیق ہوئی اور 3 ہلاکتیں سامنے آئیں۔ ترجمان حکومت بلوچستان کے مطابق صوبے میں کرونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 1218 ہوگئی ہے جب کہ 19 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ بلوچستان میں اب تک کرونا وائرس سے 183 افراد صحت یاب بھی ہوگئے ہیں۔گلگت بلتستان میں ہفتے کو کرونا کے 16 کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد کرونا مریضوں کی مجموعی تعداد مجموعی تعداد 364 تک پہنچ گئی ہے۔ آزاد کشمیر میں مزید 5 میں کرونا وائرس پایا گیا ہے جس کے بعد علاقے میںکرونا کے کیسز کی تعداد 71 ہو گئی ہے۔گوجرانوالہ ڈویژن میں کرونا پھوٹ پڑا گزشتہ 24گھنٹو میں گوجرانوالہ میں 2افراد جاں بحق ہو گئے۔ جن میں عبدالقیوم ولد عبدالغفور محلہ شمس آباد جبکہ 58سالہ شاہد والد حنیف ساکن 230شامل ہیں۔ دوبئی پلٹ نوجوان عامر زادہ حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گیا۔ متوفی کی نعش انکے آبائی گائوں چکوال روانہ کر دی گئی۔ 2روز قبل سپیشل فلائٹ کے ذریعے فیصل آباد آیا تھا جسے جی سی یونیورسٹی قرنطینہ سنٹر میں رکھا گیا، کرونا ٹیسٹ رپورٹ موصول نہیں ہوئی جبکہ گزشتہ روز اسے قرنطینہ میں دل کا دورہ پڑا جو کہ جان لیوا ثابت ہوا۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گوجرہ محلہ انصار کالونی کا ایک مریض نثار احمد انتقال کر گیا ۔کراچی میں کرونا وائرس سے متاثرہ ایک اور ڈاکٹر جان کی بازی ہار گیا۔ سینئر میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر سلمی کوثر کے مطابق 60سال کے ڈاکٹر فرقان نجی ہسپتال میں خدمات انجام دے رہے تھے ۔ڈاکٹر فرقان کی اہلیہ میں بھی کرونا کی تصدیق ہوئی ہے ۔ڈاکٹر فرقان کے آئی ایچ ڈی سے ایک ماہ قبل ریٹائرڈ ہوئے تھے۔
کرونا پاکستان
نیویارک،بیجنگ ،لندن (شنہوا+صباح نیوز+عارف پندھیر)کرونا وائرس کے سبب دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 2 لاکھ 44 ہزار 700 سے بڑھ گئی جبکہ مریضوں کی تعداد35لاکھ سے تجاوز کر گئی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دنیا بھر میں کرونا سے متاثرہ افراد میں سے 11 لاکھ 21 ہزار زائد افراد صحت یاب بھی ہو گئے ۔امریکہ میں کرونا وائرس سے مزید ایک ہزار 691 افراد موت کے منہ میں چلے گئے جس کے بعد امریکہ میں اموات کی تعداد 67 ہزار 448سے تجاوز کر گئی۔ امریکہ میں متاثرہ افراد کی تعداد 11 لاکھ 60 ہزار سے زائد ہو گئی جبکہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 73 ہزار 7 سو سے زائد ہو گئی۔ برطانیہ میں کرونا سے مزید 621 افراد کی موت کے بعد اب تک مرنے والوں کی تعداد 28 ہزار 131 سے تجاوز کر گئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 82 ہزار سے زائد ہے۔ سپین میں بھی گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 276 افراد کی اموات کے بعد اب تک ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 25 ہزار 100 ہوگئی اور متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 45 ہزار سے بڑھ گئی ۔اٹلی میں کرونا وائرس نے مزید 474 افراد کی جان لے لی جہاں اب تک ہونے والی اموات 28 ہزار 710 ہو گئیں۔ اٹلی میں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 9 ہزار سے زائد ہے۔ فرانس میں بھی کرونا نے مزید 166 افراد کی جان لے لی۔ فرانس میں مرنے والوں کی تعداد 24 ہزار 760 سے زائد ہو گئی اور متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 68 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ جرمنی میں بھی کرونا سے اموات کا سلسلہ جاری ہے اب تک ہونے والی اموات کی تعداد 6 ہزار 800 سے بڑھ گئی ہے جب کہ کرونا کے مریضوں کی تعداد ایکلاکھ 64 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ ترکی میں بھی کرونا کے وار جاری ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 78 افراد موت کے منہ میں چلے گئے جس کے بعد اموات کی تعداد 3 ہزار 300 سے تجاوز کر گئی۔ ایران میں کرونا نے مزید 65 افراد کی جان لے لی جس کے بعد ایران میں کرونا سے اب تک 96 ہزار448 افراد متاثر ہوئے اور ہلاکتوں کی تعداد 6 ہزار ایک سو سے بڑھ گئی۔ چین کے محکمہ صحت نے کہاہے کہ چینی مین لینڈ پر ہفتہ کے روز نوول کرونا وائرس کے 2نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔قومی صحت کمشن نے اپنی روزانہ کی رپورٹ میں کہاہے کہ ایک درآمدی کیس شنگھائی میں سامنے آیا ہے جبکہ دوسرا کیس صوبہ شنسی میں مقامی سطح پر ترسیل کا ہے۔کمشن نے کہاکہ ہفتہ کے روز مین لینڈ پر کسی ہلاکت یا مشتبہ کیس کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی۔ ہفتہ کے روز کل28 مریضوںکو صحت یاب ہونے پر ہسپتالوں سے فارغ کر دیا گیا جبکہ شدید بیمار افراد کی تعداد 3 کی کمی کے بعد34رہ گئی۔کمشن نے کہا کہ ہفتہ کے روز تک مین لینڈ پر کل مصدقہ کیسز کی تعداد82ہزار877تک پہنچ گئی جن میں سے 531مریضوں کا تاحال علاج جاری ہے جبکہ 77ہزار713افراد کو صحت یاب ہونے پر فارغ کیا جا چکا ہے۔اس نے مزید کہا کہ بیماری کے باعث 4ہزار633افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ہفتہ کے روز تک مین لینڈ پر کل ایکہزار672درآمدی کیسز کی اطلاعات موصول ہوچکی ہیں، ان کیسز میں سے ایک ہزار221کو صحت یاب ہونے پر ہسپتالوں سے فارغ کیا جا چکا ہے جبکہ 451کا تاحال علاج جاری ہے جن میں سے 6شدید بیمار ہیں، درآمدی کیسز میں سے کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔ بیجنگ کی میونسپل حکومت نے کہاہے کہ وباء کی روک تھام اور قابو پانے کیلئے بیجنگ کے سینماز، تھیٹرز، آ رکیڈز اورعمارتوں کے اندر تالاب سمیت کچھ عوامی مقامات بند رہیں گے۔ بیجنگ میونسپل کے ترقیاتی واصلاحاتی کمشن کی ڈپٹی ڈائریکٹر لی سوفانگ نے ہفتہ کے روز ایک بریفنگ میں کہا کہ تفریحی مقامات جیسا کہ ویڈیو آ کیڈز، انٹرنیٹ کیفیز، کاراکے مراکز، شطرنج اور مختلف کمیونٹیز میں تاش کے مراکز سمیت تفریح کے 6شعبوں کو عارضی طور پر نہیں کھولا گیا، باسکٹ بال، فٹ بال اور والی بال جیسی ٹیم کی صورت میں کھیلی جانے والی کھیلیں،تیرنے والے تالاب،ورزش کے زیرزمین مراکز،سیاحتی مقامات پر اِن ڈور سہولیات سمیت اِن ڈور دورہ والے ثقافتی دلکش مراکز کو نہیں کھولا گیا۔ فرانس اور ایران میں مہلک کرونا وائرس کے کیسز میں نمایاں کمی سامنے آئی ہے اور دنیا بھر میں کرونا سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 11 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے۔ایران میں کرونا کیسز میں نمایاں کمی آنے کے بعد ایرانی صدر حسن روحانی نے پیر سے ملک کے 132 علاقوں میں مساجد کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ ایرانی صدر نے کہا کہ جن علاقوں میں مساجد کھولنے کا فیصلہ کیا ہے وہاں کرونا کے خطرات کم ہیں۔ ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ کم خطرات والے علاقوں میں سکول بھی 16 مئی سے کھولے جائیں گے لہذا تمام مساجد اور سکول میں سماجی فاصلے اور صحت و صفائی کا خاص خیال رکھاجائے گا۔ ایران میں اب تک کرونا وائرس سے 6 ہزار سے زائد اموات اور متاثرین کی تعداد 96 ہزار سے زائد ہے۔ ادھر سعودی عرب کی حکومت نے بھی دمام ریجن کے ضلع الاثیر سے جزوی طور پر کرفیو اٹھانے کا اعلان کردیا ہے۔سعودی عرب میں اب تک کرونا کیسز کی کل تعداد 25 ہزار 459 ہوچکی ہے جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 176 ہے۔
عالمی کرونا