کرونا کے باوجود بھارت نہ بدلا، بربریت کیخلاف ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے: شاہ محمود
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کو احساس نہیں ہے کہ دنیا کس تکلیف سے گزر رہی ہے۔ کرونا وائرس کی صورتحال میں بھی بھارت کا رویہ تبدیل نہیں ہوا۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارتی رویے کے خلاف سکیورٹی کونسل کو خط لکھا ہے، بھارتی بربریت کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔ چین نے اس مشکل وقت میں ہماری بہت مدد کی ہے۔ کرونا وائرس سے عالمی معیشت کو نقصان پہنچا ہے اور اس مشکل وقت میں عمران خان ترقی پذیر ممالک کی آواز بنے ہیں۔ آج بھی کرونا کے باعث 2 ڈاکٹرز کے شہید ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ مشکل حالات میں کام کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ سول ڈیفنس والوں کو 3 ماہ کی تنخواہ نہیں ملی تھی مگر انہوں نے کام کیا جب کہ پاکستانی ڈاکٹرز بیرون ملک بھی پاکستان کا نام روشن کررہے ہیں۔ حکومت سمجھتی ہے کہ کرونا کا معاملہ لمبا ہے،کیا ہم اتنا لمبا لاک ڈاؤن برداشت کرسکتے ہیں؟۔ ہمیں لوگوں کی جانوں کو بچانا ہے۔ وزیراعظم تمام تر صورتحال کو سامنے رکھ کر فیصلے کر رہے ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملکی معیشت طویل لاک ڈاؤن کی متحمل نہیں ہو سکتی۔ کاروباری طبقے کی پریشانیوں کا ادراک ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سروسز انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز پہنچے جہاں پرنسپل سمز پروفیسر محمد ایاز نے کرونا وائرس کے سدباب پر بریفنگ دی۔ وزیر خارجہ نے اس موقع پر ایک ہزار ماسک، ایک ہزار حفاظتی کٹس اور دوسرا سامان ڈاکٹرز کے حوالے کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کرونا کے خلاف طبی عملے کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ وزیراعظم ہر لمحے کی پیش رفت سے آگاہ ہیں۔ ہمیں کرونا اور غربت کے خلاف لڑائی لڑنی ہے۔ خدشہ ظاہر کیا کہ کرونا وائرس کا چیلنج لمبا ہے، ہو سکتا ہے کہ یہ چھ ماہ چلے یا اس سے زیادہ، اس معاملے پر مناسب حکمت عملی اختیار کرنی ہے۔م قبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج گھروں میں گھس کر کشمیریوں کو شہید کر رہی ہے۔ ستم یہ ہے کہنعشیں بھی نہیں دی جاتیں۔ اقوام متحدہ کو نوٹس لینے کا کہا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ چینی اور گندم سکینڈل کی 3 ہفتے بعد رپورٹ سامنے آئے گی۔عالمی یوم صحافت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پیغام میں پوری صحافی برادری کو اس دن کی مبارک باد پیش کی ہے۔پیغام میں انہوں نے کہا کہ حق اور سچ کی آواز کو بلند کرنے کیلئے صحافی برادری کا کردار قابل تحسین ہے۔کرونا وبا کے حوالے سے صحافتی برادری نے ملک بھر میں موثر آگاہی مہم چلانے میں حکومت کے ساتھ ساتھ ہراول دستے کا کردار ادا کیا۔