• news

طالبان سے جنگ بندی پر عملدرآمد کرائیں: افغان خواتین کا قطر کی ملکہ کو خط

کابل (بی بی سی) افغانستان میں عالمی وبا اور ماہ رمضان کے باوجود طالبان کے حملے اور افغان حکومت کی طالبان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور دونوں ایک دوسرے پر امریکہ اور طالبان کے درمیان ہونے والے امن معاہدے کی خلاف ورزی کے الزامات لگا رہے ہیں۔ اب افغان ویمنز نیٹ ورک نے قطر کی ملکہ موزا بنت نصر کو ایک خط لکھا ہے جس میں ان سے افغانستان میں جنگ بندی کے لیے طالبان پر زور دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس کھلے خط میں افغان خواتین نے ملکہ کو لکھا ہے کہ اس وقت جب پوری دنیا کرونا کے خلاف لڑرہی ہے، افغان عوام کرونا کے ساتھ ساتھ جنگ سے بھی متاثر ہیں۔ اس کھلے خط میں اقوام متحدہ کی سہ ماہی رپورٹ کا بھی ذکر کیا گیا ہے، جس کے مطابق رواں سال کے پہلے تین ماہ میں پانچ سو سے زیادہ لوگ تشدد کے واقعات میں ہلاک ہوچکے ہیں جن میں ایک سو پچاس بچے بھی شامل ہیں۔ اس خط کے مطابق تشدد کے یہ واقعات امریکہ اور طالبان کے درمیان ہونے والے معاہدے کے باوجود پیش آئے ہیں۔ افغان ویمنز نیٹ ورک کے مطابق ان کے ساتھ افغانستان کے اندر اور بیرون ملک ہزاروں خواتین، مائیں، بہنیں ہیں اور انہیں اپنے ملک میں جنگ پر سخت تشویش ہے۔ ان کے مطابق رمضان کے بابرکت مہینے میں جب ہم عالمی وبا اور لاک ڈائون میں روزے رکھ رہے ہیں اور عبادات کررہے ہیں تو باہر بموں کی آوازیں اور اپنے پیاروں کی ہلاکت کی خبروں نے ہمیں پریشان کررکھا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن