• news

سپریم کورٹ نے کر ونا ازخودنوٹس کیس کاتحریری حکمنامہ جاری کردیا

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر ) عدالت عظمی نے کر ونا ازخودنوٹس کیس کی پیر کو ہونے والی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا ،عدالتی حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ وفاق اور صوبے ملک بھر کیلئے یکساں پالیسی یقینی بنائیں یکساں پالیسی کے نفاذ سے متعلق رپورٹ بھی آئندہ سماعت تک پیش کی جائے عدالت نے اپنے حکمنامہ میں زکو ۃپر شرعی رائے دینے پر مفتی تقی عثمانی سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہاکہ مفتی تقی عثمانی کی رائے سے عدالت کو مسئلہ سمجھنے میں مدد ملی، جبکہ قیمتی رائے دینے پر اسلامی نظریاتی کونسل کے بھی مشکور ہیں، حکمنامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ سندھ حکومت درخواست آنے پر کاروبار کھولنے کی اجازت دے رہی ہے، سندھ حکومت کا یوں درخواست پر کاروبار کھولنے کی اجازت دینا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، جبکہ سندھ حکومت کا یہ اقدام شفافیت کے اصولوں کے بھی خلاف ہے، اس لئے سندھ حکومت کے کاروبار سے متعلق اقدام کے دوبارہ جائزے کی ضرورت ہے،ضروری ہے کہ عوام سے درخواستیں مانگنے کے بجائے جامع پالیسی بنائی جائے، سپریم کورٹ نے عدالت کا ڈبگری گارڈن پشاور میں بند تمام کلینک کھولنے کا بھی تحریری طور پر حکم دیا اور حکم دیا کہ صوبائی سیکرٹری صحت ڈاکٹرز کیساتھ ہتک آمیز رویہ اپنانے والوں کیخلاف کارروائی کریں۔

ای پیپر-دی نیشن