اسلام آباد ہائیکورٹ آج سے کھولنے کا حکم‘ ارجنٹ کیسز کی سماعت ہو گی
اسلام آ باد (سپیشل رپورٹر) چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے عدالت عالیہ کو دوبارہ مکمل طور پر کھولنے کا حکم دے دیا۔ آج سے تمام سات ججز سماعت کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی رٹ کرمنل سول اور دیگر تمام برانچز کو کھول دیا گیا ہے۔ رجسٹرار آفس نے ججز کا نیا ڈیوٹی روسٹر اور رواں ہفتے کے مقدمات کی لسٹ بھی جاری کر دی ہے۔ خیال رہے کہ دو مئی کورٹ برانچ میں کام کرنے والے ملازم میں کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ بند کرنے کا سرکلر جاری کیا گیا تھا۔بتایا جاتا ہے کہ کرونا لاک ڈاون کے دوران صرف ضمانت اور ارجنٹ کیسز کی سماعت جاری رہے گی۔ عدالت عالیہ کی تمام برانچز کو کھول دیا گیا۔ تمام ملازمین کو 2 مئی سے پہلے کی روٹین کے مطابق ڈیوٹی پر آنے کی ہدایت کرتے ہوئے یہ بھی کہا گیا ہے کہ تمام ملازمین پر کورونا کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کے ضابطہ اخلاق کی مکمل پابندی لازم ہو گی۔