• news

مقبوضہ کشمیر: بھارتی دہشتگردی برہان وانی کے جانشین ریاض نائیکو سمیت5شہید

سری نگر (اے این این، اے پی پی+ نوائے وقت رپورٹ) مقبوضہ جموں وکشمیر میں ریاستی دہشت گردی میں مزید 5 نوجوان شہید ہو گئے۔ پلوامہ ضلع میں ایک آپریشن کے دوران کھریو پانپور کے شارشالی علاقے میں فوج اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ میں ایک نوجوان کو شہید کر دیا گیا ہے جس کی شناخت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا جبکہ فورسز نے ایک ذہنی معذور نوجوان کو بھی شہید کیا جس کی تدفین کر دی گئی، بڈگام میں دستی بم سے حملہ دو فورسز اہلکاروں سمیت 6افراد زخمی ہوگئے۔ سائوتھ ایشین وائر کے مطابق فوج کے 50 آرآر، سی آر پی ایف اور اونتی پورہ پولیس کی مشترکہ ٹیموں نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا۔ اونتی پورہ میں 8 گھنٹے کے دوران یہ دوسری جھڑپ ہے۔ حزب المجاہدین کے اعلی کمانڈر ریاض نائکو کے ضلع پلوامہ کے بیگ پورہ گائوں میں آنے کی اطلاع ملنے کے بعد سکیورٹی فورسز بشمول راشٹریہ رائفلز، سی آر پی ایف اور ایس او جی نے مشترکہ طور پر گائوں کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو بند کر دیا تھا۔ بھارتی پولیس کے ایک عہدیدار نے دعویٰ کیا ہے کہ شہید ہونے والے نوجوان عسکریت پسند تھے اور فوجیوں کے ساتھ ایک جھڑپ میں مارے گئے۔ جموں و کشمیر یوتھ سوشل فورم کے چیئرمین عمر عادل ڈار نے ہندواڑہ میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں 14 سالہ معذور لڑکے کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی کی سربراہ اور جموں وکشمیر کی سابق وزیراعلی محبوبہ مفتی کی حراست میں توسیع کردی گئی ہے۔ ان کی حراست کو تین ماہ کے لئے بڑھا دیا گیا ہے۔ سابق وزیراعلیٰ اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی کے ساتھ، سرتاج مدنی اور نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر علی محمد ساگر پر عائد پبلک سیفٹی ایکٹ کی مدت میں تین مہینے کی توسیع کی گئی ہے۔ مقبوضہ وادی میں کرونا وائرس کے 15 نئے مثبت کیسز سامنے آئے ہیں اور اس طرح مثبت کیسز کی کل تعداد741 تک پہنچ گئی۔ شہید ہونے والوں میں حریت رہنما ریاض نائیکو بھی شامل ہیں۔ ریاض نائیکو کو ساتھی کے ہمراہ بیگ پور میں شہید کیا گیا۔ ریاض نائیکو‘ شہید برہان وانی کا جانشین سمجھا جاتا تھا۔ ریاض سمیت 4 نوجوانوں کو بیگ پور میں نشانہ بنایا گیا۔ ذرائع کے مطابق ریاض نائیکو نے 2012 ء میں تحریک آزادی میں شرکت کی۔ ریاضی کے استاد تھے۔ بھارت نے سر کی قیمت 12 لاکھ مقرر کی تھی۔ انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں نام شامل تھا۔

ای پیپر-دی نیشن