حکومت18ویں ترمیم میں تبدیلی چاہتی ہے تو مسودہ بجھوائے: مسلم لیگ ن
اسلام آباد(محمد نواز رضا وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے مسلم لیگ (ن) کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں اس بات کا عندیہ دیا گیا ہے کہ اگر حکومت آئین میں 18ویں میں تبدیلی کا ارادہ رکھتی ہے تو ہمیں باقاعدہ ترمیمی مسودہ بھجوائے، تاہم اجلاس میں انکشاف کیا گیا کہ نیب قانون میں ترامیم پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی طرف سے حکومت کو مسودہ دیا گیا ہے۔ اگر حکومت کی طرف سے اس مسودہ پر بات کرنے کے لئے رابطہ قائم کیا گیا تو پاکستان مسلم لیگ (ن) اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے مشاورت کے ساتھ حکومت سے بات چیت کرے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 18ویں ترمیم میںصوبائی خود مختاری پر کو سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس ماڈل ٹاون لاہور میں ہوا، شاہد خاقان عباسی، خواجہ آصف، سینیٹر پرویز رشید اور سعد رفیق سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ کہ قومی احتساب بیورو(نیب) ترمیمی آرڈیننس پر جب حکومت لائحہ عمل اپنائے گی مسلم لیگ اپنا ردعمل دے گی۔ ذرائع کے مطابق اس دوران طے پایا کہ شہباز شریف اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کے بعد قومی اسمبلی کے اجلاس میں تقریر کریں گے۔