کرونا سے نمٹنے کیلئے وسائل کی کمی نہیں: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے صوبائی وزراء اور ارکان اسمبلی نے ملاقات کی۔ عثمان بزدارنے صوبائی وزراء اور اراکان اسمبلی کو کرونا کی روک تھام کیلئے اقدامات کے حوالے سے مزید موثر کردار ادا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کرونا کی وجہ سے وطن عزیز کو غیرمعمولی حالات کا سامنا ہے لہٰذا یہ آپ کی قومی ذمہ داری ہے کہ اپنی تمام ترکوششیں موجودہ غیرمعمولی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بروئے کار لائیں۔ حکومت نے کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کئے ہیں۔ پنجاب حکومت اب تک تقریباً ایک لاکھ 7 ہزارسے زائد ٹیسٹ کر چکی ہے ۔ 8 بی ایس ایل تھری لیبز کو فنکشنل کر دیا گیا ہے ۔ ان لیبز پر 62کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے۔ پنجاب حکومت کی روزانہ ٹیسٹنگ کی صلاحیت 6 ہزار سے بڑھ گئی ہے ۔ کرونا سے نمٹنے کیلئے وسائل کی کوئی کمی نہیں۔ 6اضلاع میں سمارٹ سییمپلنگ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حکومت کو موجودہ حالات میں بے روزگار ہونے والوں کی پریشانیوں کا ادراک ہے۔ احساس کفالت پروگرام کے تحت ضرورت مند شہریوں کو 12 ہزار روپے کی رقم انتہائی شفاف طریقے سے دی جا رہی ہے جبکہ چیف منسٹر رمضان پیکج کے تحت مستحق افراد کو 3 ہزار روپے مالی امداد دی جائے گی۔10 لاکھ خاندان چیف منسٹر رمضان پیکج سے مستفید ہوں گے۔ ڈینگی سے نمٹنے اور گندم خریداری مہم میں بھی فعال انداز میں فرائض سرانجام دیئے جائیں۔ گندم خریداری مہم ہدف کے حصول تک جاری رہے گی۔ ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی کرنے والوں کی جگہ جیل ہے۔ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی خدمات کو فراموش نہیں کر سکتے۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کرونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے عوام کو احتیاط کا دامن نہیں چھوڑنا چاہئے۔ گھر میں رہیں محفوظ رہیں پر عمل کر کے شہری خود اور دوسروں کو کرونا سے بچائیں۔ سماجی فاصلے برقرار ر رکھنا اور ایس او پیز پر عملدرآمد بے حد ضروری ہے۔ شہریوں سے ایک بار پھر اپیل کرتا ہوں کہ وہ بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلیں۔ میل جول جتنا کم ہو گا، اتنا ہی بیماری کا پھیلاؤ کم ہو گا۔ عثمان بزدار نے تحصیل حاصل پور کے علاقے قائم پور کے دیہی مرکز صحت کے آپریشن تھیٹر اسسٹنٹ (او ٹی اے) محمد صادق کی جانب سے مریض کے تیماردار سے ناروا سلوک کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور واقعہ کی انکوائری کا حکم دیا ہے۔ او ٹی اے محمد صادق کو معطل کرکے پیڈا ایکٹ کے تحت محکمانہ کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ عثمان بزدار نے چناب میں پانچ افراد کے ڈوبنے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔