عوام ایس او پیز پر عمل نہیں کرینگے تو بڑا نقصان ہو سکتا ہے: شبلی فراز
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ عوام ایس او پیز پر عمل نہیں کریں گے تو بڑا نقصان ہو سکتا ہے۔ حفاظتی تدابیر پر عمل کرکے کرونا پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ چھوٹے دکانداروں کے بہت برے حالات ہیں۔ مارکیٹوں میں حفاظتی تدابیر کو یقینی بنانا ہوگا۔ مارکیٹوں کے حوالے سے سندھ حکومت کا مؤقف مختلف ہے۔ امید ہے لاک ڈاؤن میں نرمی پر سب کا اتفاق رائے ہو جائے گا۔ قبل ازیں ایک بیان میں شبلی فراز نے کہا ہے کہ @MoIB_Officialکی جدید خطوط پر تیارکردہ ویب سائٹ کا اجراء کردیا ہے۔ ڈیجیٹل دورکے تقاضوں کے مطابق صارفین کو سہل انداز میں معلومات اور اطلاعات تک رسائی میسر آئے گی۔ سوشل میڈیا نے رابطوں کو نئی جہت دی۔ امید ہے یہ ویب سائٹ دنیا بھر میں پاکستان کا روشن چہرہ متعارف کرانے کا مثبت ذریعہ ہوگی۔
شبلی فراز
اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کوویڈ19 وبائی مرض سے نمٹنے کے لئے چین کی معاونت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس مشکل وقت میں چین کی معاونت، پاک چین گہری دوستی کا مظہر ہے۔ وہ چین کے سفیر ہا?جنگ سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے جنہوں نے بدھ کو یہاں ان سے ملاقات کی تھی۔ وفاقی وزیر سینیٹرشبلی فراز نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں حکومت نے کوویڈ19 کا مقابلہ کرنے کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں جن میں غریب اور پسے ہوئے طبقات کی مالی امداد، چھوٹے دوکانداروں، صنعتوں اور تعمیرات کے لئے ریلیف شامل ہے۔ چین کے سفیر یاؤ جِنگ نے کوویڈ 19 چیلنج سے نمٹنے کے لئے پاکستان کی کاوشوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ چین اس مشکل مرحلے میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین وزیراعظم کے کم آمدن رہائشی منصوبے کو تقویت اور مستحق افراد کی مدد کے لئے اس شعبہ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتا ہے۔ وفا قی وزیر سینیٹرشبلی فراز نے چین کے اس قدم کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ کم لاگت والی رہائش حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ افرادی قوت سے متعلق شعبوں میں سرمایہ کاری سے ملک میں روزگار کے متعدد مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی، اس طرح کی سرمایہ کاری کے لئے چین کو مکمل سہولت فراہم کی جائے گی۔ چین کے سفیر یاو جِنگ نے موجودہ ایم او یو کے دائرہ کار کے تحت دونوں ممالک کے مابین ثقافتی اور میڈیا تبادلے دوبارہ شروع کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے پاک چین مشترکہ معاہدے کا خصوصی ذکر کیا۔ وفا قی وزیر نے حالات بہتر ہونے کے بعد میڈیا اور ثقافتی تبادلے دوبارہ شروع کرنے کے خیال کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا تعاون کو بڑھانے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ پیداوار کے بارے میں مجوزہ معاہدے پر عمل درآمد جاری ہے اور ایک بار جب اس مسودے کو حتمی شکل دی گئی تو اسے چین کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔چینی سفیر نے اس موقع پر سینیٹر شبلی فراز کو وزیر اطلاعات و نشریات کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کی مستقبل کی کوششوں کے لئے نیک تمنایوں کا اظہار کیا۔ کی۔ وفا قی وزیر نے ان کے جذبات کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں وزارت اطلاعات اور خارجہ کے حکام شریک بھی تھے۔