• news

نیب سیاسی انجینئرنگ کرنیوالا ادارہ، چیئرمین کو 19سال پرانا کیس کھولنے کا اختیار نہیں

لاہور (وقائع نگار خصوصی) حکومت کے اتحادی جماعت (ق) لیگ کے رہنماؤں چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الہیٰ نے چیئرمین نیب کے اختیارات کیخلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔ درخواست میں 19 سالہ پرانے کیسز دوبارہ کھولنے پر چیئرمین نیب کے اقدامات کو چیلنج کیا گیا ہے۔ عدالت عالیہ میں نیب کے کردار اور تحقیقات کیخلاف آئینی درخواستوں میں چوہدری برادران نے موقف اختیار کیا ہے کہ چیئرمین نیب نے ہمارے کیخلاف 19 سال پرانے معاملے کی دوبارہ تحقیقات کا حکم دیا ہے جبکہ نیب نے 19 سال قبل آمدن سے زائد اثاثہ جات کی مکمل تحقیقات کی مگر ناکام ہوا، جس کے بعد اب چیئرمین نیب کو 19 سال پرانے اور بند کی جانے والی انکوائری دوبارہ کھولنے کا اختیار نہیں۔ ہمارا سیاسی خاندان ہے جسے سیاسی طور انتقام کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔ نیب سیاسی انجینئرنگ کرنیوالا ادارہ ہے۔ نیب کے کردار اور تحقیقات کے غلط انداز پر عدالتیں فیصلے بھی دے چکی ہیں۔ چوہدری برادران نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ نیب کا 19 برس پرانے آمدن سے زائد اثاثہ جات کی انکوائری دوبارہ کھولنے کا اقدام غیرقانونی قرار دیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن