مشکل گھڑی میں سہولت فراہمی کیلئے عوام اور متاثرین تک پہنچا جائے: آرمی چیف : کوہاٹ کا دورہ
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ’’کووڈ۔19‘‘ کی وباء کے خلاف فوج دیگر اداروں کی معاونت جاری رکھے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ خصوصاً ’’کووڈ۔19‘‘ کے متاثرین تک پہنچا جائے تاکہ مشکل کی اس گھڑی میں انہیں سہولت فراہم ہو۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دورہ کوہاٹ کے موقع پر ان خیالات کا اظہار کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر انہیں فوج کی آپریشنل تیاری، پاک افغان سرحد سمیت سلامتی کی صورتحال اور علاقہ میں ’’کووڈ۔19‘‘ کے سدباب کیلئے تعاون جیسے امور پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے ’’کووڈ۔19‘‘ کے خلاف ریلیف سرگرمیوں میں مصروف دستوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے افسروں اور جوانوں کی آپریشنل تیاری، عمدہ مورال اور چوکسی کی تعریف کی۔ بعد ازاں آرمی چیف نے سی ایم ایچ، کوہاٹ میں ’’کووڈ۔19‘‘ سے نمٹنے کی سہولیات کا دورہ کیا۔ اس سے پہلے انہوں نے مادر وطن کے دفاع کیلئے جانیں قربان کرنے والے شہداء کی یاد میں قائم یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر پشاور لیفٹننٹ جنرل نعمان محمود نے ان کا خیرمقدم کیا۔