توقع ہے عید سے قبل وزیراعظم کی اجازت سے ٹرین چلانے میں کامیاب ہو جائیں گے: شیخ رشید
راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ہم10 مئی سے ٹرینیں سے چلانے کے فیصلے پر تمام صوبوں کی حمایت حاصل نہیں کر سکے، عمران خان نے بطور جمہوری وزیر اعظم مشاورت کے لیے اس فیصلے کو مزید2 سے 3 دن ملتوی کردیا ہے۔ جمعرات کو اپنے ویڈیو پیغام میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ 'جس طرح عوام نے، دکانداروں نے، کارخانہ داروں نے اور علمائے کرام نے حکومت کے لاک ڈائون کا ساتھ دیا ہے وہ قابل تحسین ہے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ان کی دلی خواہش ہے کہ غریب کی سواری ٹرین کو عید سے قبل دوبارہ چلایا جائے اور ہم وہ تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں گے جو معیاری طریقہ کار ایس او پیز میں شامل ہیں اور توقع ہے کہ عید سے قبل عمران خان کی اجازت سے ہم ٹرینیں چلانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔