19برس پرانا کیس کھولنے کیخلاف چودھری برادران کی درخواست پیر کو سماعت کریں گے: ہائیکورٹ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ کا دو رکنی بنچ چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الہیٰ کی طرف سے چیئرمین نیب کے اختیارات اور 19 سالہ پرانے کیسز دوبارہ کھولنے کے اقدامات کے خلاف دائر درخواست پر 11 مئی سوموار کو سماعت کرے گا۔ جسٹس سردار احمد نعیم کی سربراہی میں دو رکنی احتساب اپیلٹ بنچ درخواست پر باقاعدہ سماعت کرے گا۔ فاضل بینچ نے اس بنیاد پر سماعت سے معذوری ظاہر کی کہ ابھی درخواست کا جائزہ نہیں لیا گیا اس لئے سوموار کو درخواست پر سماعت کی جائیگی۔ چوہدری پرویز الٰہی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔ درخواستوں میں چوہدری برادران نے موقف اختیار کیا ہے کہ چیئرمین نیب نے ہمارے کیخلاف 19 سال پرانے معاملے کی دوبارہ تحقیقات کا حکم دیا ہے جبکہ نیب نے 19 سال قبل آمدن سے زائد اثاثہ جات کی مکمل تحقیقات کیں مگر ناکام ہوا، جس کے بعد اب چیئرمین نیب کو 19 سال پرانے اور بند کی جانیوالی انکوائری دوبارہ کھولنے کا اختیار نہیں۔