• news

کرونا: مزید 31جاں بحق، کیسز ساڑھے 26ہزار سے زائد، بیرون ملک 180پاکستانی چل بسے

لاہور‘ سیالکوٹ ‘اسلام آباد ( نوائے وقت رپورٹ‘سٹاف رپورٹر‘ نامہ نگار‘ خصوصی نامہ نگار) کرونا وائرس کا پاکستان میں پھیلاؤ تیزی سے بڑھ رہا ہے کیسز کی تعداد 26 ہزار 954 ہوگئی جبکہ مزید 31 جاں بحق، اموات 622 تک پہنچ گئیں۔ سندھ میں کرونا وائرس کے مزید 598 نئے کیسز اور 5 اموات سامنے آگئیں۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں پریس کانفرنس میں بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک روز میں سب سے زیادہ 5532 ٹیسٹ کیے گئے۔انہوں نے بتایا کہ ان ٹیسٹ میں سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 598 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جس کے بعد مجموعی تعداد 9691 تک پہنچ گئی۔ پنجاب میں آج مزید 838 کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 10 ہزار 33 ہو گئی۔ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق مزید12 مریض کے انتقال کے بعد صوبے میںکروناسے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 194 ہوگئی۔ادھر خیبرپختونخوا میں کرونا وائرس کے مزید 371 کیسز اور 12 اموات کا اضافہ ہوا۔ صوبے میں ان نئے کیسز کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 4 ہزار 327 ہوگئی۔ اموات کی مجموعی تعداد 221 تک پہنچ گئی۔وفاقی دارالحکومت سرکاری سطح پر قائم ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میںکرونامتاثرین میں 37 نئے مریضوں کا اضافہ دیکھا گیا۔جس کے بعد وہاں مجموعی طور پرکرونا متاثرین کی تعداد 521 سے بڑھ کر 558 تک پہنچ گئی۔ بلوچستان میں مزید 2 افراد جاں بحق، تعداد 24 ہو گئی۔ گلگت بلتستان میں بھی کرونا وائرس کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں گلگت بلتستان میں مزید 6 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جس کے بعد وہاں متاثرین کی تعداد 388 سے بڑھ کر 394 ہوگئی۔ادھر اس وائرس سے سب سے کم متاثر علاقے آزاد جموں و کشمیر میںکرونا وائرس کے 2 نئے کیسز کا اضافہ ہوا۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 76 سے بڑھ کر 78 تک پہنچ گئی۔ ملک میں مجموعی کیسز میں اموات کی شرح تقریباً 2.3 فیصد ہے تو وہی صحتیاب ہونے والوں کی شرح تقریباً 30 فیصد ہے جو دیگر مریضوں کے لیے اْمید کی کرن ہے۔ان صحتیاب مریضوں کی تعداد کو دیکھیں تو گزشتہ 24 گھنٹون کے دوران ایک ہزار 66 افراد نے اس وائرس کو شکست دی۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ان نئے شفا پانے والے مریضوں کی تعداد کے بعد مجموعی طور پر ملک میں 7 ہزار 530 مریض صحتیاب ہوگئے۔دفترخارجہ کی ترجمان نے بتایا ہے کہ بیرون ملک کرونا وائرس سے ایک سو اسی پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔ وباء کے بعد پروازیں بند ہونے سے بیرون ملک سے ایک لاکھ سے زائد پاکستانی وطن واپس آنا چاہتے ہیں۔ ترجمان نے جمعہ کی صبح صحافیوں کو ایک غیر رسمی ورچوییل بریفنگ اور گفتگو کے دوران بتایا کہ کوویڈ-19کی وجہ سے بین الاقوامی پروازیں بند ہونے کی وجہ سے بیرون ممالک پھنسے 19 ھزار6 سو پاکستانیوں کو وطن واپس لایا گیا ہے، بیرون ممالک سے ایک لاکھ پانچ ھزار پاکستانیوں نے وطن واپسی کے لئے رابطہ کیا ہے، 11مئی سے پاکستانیوں کی واپسی کا تیسرا مرحلہ شروع کیا جائے گا، پاکستانیوں کوواپس لانے میں قرنطینہ سہولتوں کی کمی کا مسئلہ درپیش ہے،متحدہ عرب امارات سے 60 ہزار سے زائد پاکستانیوں نے واپسی کیلئے درخواست کی ہے، سعودی عرب سے 15 ہزار سے زائد پاکستانی واپسی کے منتظر ہیں، ایران اور چینی شہرووہان کیلیے پروازیں جلد شروع کردی جائیں گی،بیرون ملک سے آنے والے تمام پاکستانیوں کیلئے کم از کم3 دن قرنطینہ میں گزارنے میں ضروری ہیں، ترجمان کا کہنا تھاکورونا وائرس کے حوالے سے ممالک کے ایکدوسرے پر الزامات کا وقت نہیں بلکہ سب مل کر اس کا مقابلہ کریں۔ ایک سوال پر ترجمان نے کہا کہ پوری دنیا بالخصوص مغربی ممالک میںکرونا وائرس سے ہلاک ہونے والے غیرملکی افراد کی شہریت سرکاری طور پر متعلقہ سفارت خانوں کو نہیں بتائی جا رہی۔ البتہ ’پاکستانی سفارت خانوں کو آزاد ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مختلف ممالک میں 180 پاکستانی کروناوائرس سے جان بحق ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک، کرونا کی وجہ سے بے روزگار ہونے والوں کی تعداد سردست معلوم نہیں ہو سکی۔ ترجمان نے کہا کہ بیرون ملک سے واپسی کے متمنی تمام پاکستانیوں کو طیاروں کی کم تعداد اور قرنطینہ کی محدود سہولیات کی وجہ سے بیک وقت واپس لانا نہائت مشکل ہے۔ جوں جوں قرنطینہ کی سہولیات بہتر ہو جائیں گی، واپس لائے جانے والے پاکستانیوں کی تعداد بھی بڑھتی جائے گی۔’دنیا بھر میں ایک لاکھ آٹھ ہزار افراد نے پاکستان واپس آنے کے لیے رجسٹرڈ ہوئے ہین۔جن میں تبلیغی جماعت کے 762 افراد اور 879 قیدی بھی شامل ہیں۔سیالکوٹ کرونا وائرس کا ہسپتال میں زیر علاج مشتبہ مریض دم توڑ گیا۔بتایا گیا ہے لیبر کالونی کا رہائشی46سالہ سلیم 6مئی کو کرونامرض کے شبہ میں گورنمنٹ علامہ اقبال ہسپتال داخل کیا گیا تھا جہاں وہ دو دن رہنے کے بعد گزشتہ روز ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ رمضان المبارک کے دوسرے جمعہ المبارک کے اجتماعات میں بھی کرونا وائرس سے امت مسلمہ سمیت پوری دنیا کو بچانے کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔جمعہ المبارک کے اجتماع سے قبل مساجد سے اعلان کیاگیا کہ بزرگ اوربچے حکومت کے ایس او پیز پر عمل کریں اور مساجد میں آنیوالے فیس ماسک سمیت تمام تر حفاظتی انتظامات کرکے آئیں۔ بڑی مساجد، مدارس اور صوبائی دارالحکومت کی بیشتر مساجد میں کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے مخصوص فاصلے کے ساتھ نماز جمعہ ادا کی گئی۔ جامع مسجد داتا دربار اور بادشاہی مسجد میں بھی نماز جمعہ کے اجتماعات ہوئے یہاں احتیاطی تدابیر خصوصی طور پر اختیار کی گئیں۔
کرونا پاکستان

بیجنگ، نیویارک، لندن (شہنوا+ صباح نیوز+ اے پی پی+عارف چودھری) عالمی وبا قرار دیئے جانے والے کرونا وائرس سے پوری دنیا میں متاثرہ افراد کی تعداد 39 لاکھ 16 ہزار سے زائد ہو گئی۔ کرونا وائرس نامی مہلک وبا کے باعث 2 لاکھ 70 ہزار 720افراد لقمہ اجل بن گئے۔ صحت یاب ہونیوالوں کی تعداد 13 لاکھ 43 ہزار سے زائد ہو گئی۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکہ میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 12 لاکھ 92 ہزار سے بڑھ گئی جبکہ 76 ہزار سے زائد اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔ ایک روز میں امریکہ میں 1879 افراد ہلاک ہوگئے۔ سپین میں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 56 ہزارسے زائد ہو گئی، جب کرونا نے مزید 244 افراد کی جانیں لے لیں۔ اس طرح سپین میں ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد 26 ہزار سے بڑھ گئی۔ اٹلی میں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 15 ہزار سے زائد ہو گئی جبکہ مزید 369 افراد اپنی جانوں کی بازیاں ہار گئے ہیں۔ اٹلی میں ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد 29 ہزار 9 سو سے زائد ہو گئی۔ برطانیہ میں مریضوں کی تعداد دو لاکھ 6 ہزار سے زائد ہو گئی جبکہ ملک میں مزید 649 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔ فرانس میں ایک لاکھ 74 ہزار سے زائد افراد اب تک کرونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں، فرانس میں کرونا سے مزید 278 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد کل تعداد 25 ہزار 9 سو سے بڑھ گئی۔ جرمنی میں اب تک سات ہزار 300 سے زائد اموات ہوچکی ہیں۔ ترکی میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 64 افراد ہمیشہ کی نیند سو گئے ہیں جس کے بعد ہونے والی اموات کی تعداد تین ہزار 600 سے تجاوز کرگئی۔ ایران میں کرونا کے سبب مزید 78 افراد نے دار فانی سے کوچ کیا ہے جس کے بعد ملک میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد چھ ہزار 400 سے بڑھ گئی۔ آسٹریا میں کرونا سے شفا یاب مریض کے پلازمہ سے کئی افراد کی زندگیاں بچا لی گئیں۔ غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکا، چین، فرانس اور سوئٹزرلینڈ میں بھی اس طریقے سے کرونا مریضوں کا علاج جاری ہے۔نارویجن وزیراعظم ایرنا سولبرگ نے کہا ہے کہ جون کے وسط میں کرونا وائرس لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ کریں گے اور لاک ڈاؤن میں نرمی کرکے پبلک اور پرائیویٹ ادارے سکول بازار اور دیگر تجارتی مراکز کھولنے کی اجازت دیں گے جبکہ ملک میں پرائیویٹ پارٹیوں اور 20 سے زائد افراد کے اکٹھا ہونے پر پابندی عائد رہے گی ۔ روس میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد فرانس اور جرمنی سے بھی زیادہ ہو گئی ہے اور اب روس دنیا میں وبا سے متاثرہ پانچواں بڑا ملک بن گیا ہے۔روس میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 87 ہزار 859 ہو چکی ہے جب کہ 1723 افراد ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔فرانس میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 74 ہزار سے زائد جب کہ جرمنی میں ایک لاکھ 69 ہزار 430 ہے تاہم ان دونوں ممالک میں اموات روس کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہیں۔فرانس اور جرمنی میں بالترتیب 25 ہزار 987 اور 7 ہزار 392 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔امریکا میں کورونا سے اموات 76 ہزار 942 ہو چکی ہیں جب کہ برطانیہ میں 30 ہزار 615، اٹلی میں 29 ہزار 958 اور اسپین میں 26 ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔برازیل میں اموات کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے اور ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 9 ہزار 190 تک پہنچ چکی ہے جب کہ ایران میں 6 ہزار 486 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ یونان کے سابق وزیر صحت بھی کرونا سے ہلاک ہو نے والوں کی فہرست میں شامل ہو گئے۔ گریک حکام کے مطابق پروفیسر دمتریس کریمسیٹی نوس کی عمر 78 برس تھی اور وہ کارڈیالوجسٹ ہونے کے ساتھ یونیورسٹی میں تدریس کے فرائض بھی انجام دے رہے تھے۔ دمتریس کریمسیٹی نوس 90 کی دہائی میں یونان کے سابق وزیراعظم آندرے پاپانڈریس کے ذاتی معالج ہونے کی وجہ سے شہرت رکھتے تھے۔ انہیں 26 مارچ کو کرونا کے باعث ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا اور اس کے بعد سے وہ آئی سی یو میں تھے۔ جرمنی کی انٹیلی جنس رپورٹ میں امریکا کی جانب سے کرونا وائرس کو چین کی لیبارٹری میں تیار ہونے کے دعوے پر تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔ دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 39 لاکھ 33 ہزار سے زائد ہو چکی ہے جس میں سے 2 لاکھ 71 ہزار افراد ہلاک اور 13 لاکھ 49 ہزار 822 صحت یاب ہو چکے ہیں۔
عالمی کرونا

ای پیپر-دی نیشن