• news

عمران ذمہ دار، ادویات سکینڈل کی شفاف تحقیقات کیلئے پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے: شہبازشریف

لاہور (وقائع نگار خصوصی) شہبازشریف نے مطالبہ کیا ہے کہ پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے جو ادویات سکینڈل کی شفاف تحقیقات کرے۔ وزیراعظم عمران خان آٹے چینی کی طرح دوائی سکینڈل کے بھی براہ راست ذمہ دار ہیں۔ بھارت سے ان ادویات کی درآمد کی منظوری کابینہ کے اجلاس میں خود وزیراعظم عمران خان نے دی۔ جان بچانے والی ادویات کی آڑ میں دیگر ادویات کی بھارت سے درآمد سنگین جرم ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے دور میں خدانخواستہ یہ ہوا ہوتا تو عمران نیازی کی طرف سے اب تک غداری کا مقدمہ درج ہوچکا ہوتا۔ وزیراعظم عمران خان ہی وزیر صحت بھی ہیں، اربوں روپے کے سکینڈل کا جواب دیں۔ قائد حزب اختلاف نے یاد دلایا کہ اربوں روپے کی ادویات کا سکینڈل پہلے بھی آچکا ہے، ملوث وزیر کو عمران خان نے تحفظ اور نیا عہدہ دیا۔ شہبازشریف نے کہاکہ وزیراعظم کی حیرانگی سے کام نہیں چلے گا، قوم کو لوٹنے والے مجرموں کو کٹہرے میں لایا جائے۔ جان بچانے والی ادویات پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے ، لوگوں کی زندگیوں کے ساتھ کھیلا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن