• news

سی پیک پراجیکٹس کو بروقت مکمل کرنے میں کامیاب ہوں گے: ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد(صبا ح نیوز)ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ کہ سی پیک پراجیکٹس کو بروقت مکمل کرنے میں کامیاب ہوں گے، چینی صدر کے دورہ پاکستان کے حوالے سے دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں،امریکہ طالبان امن معاہدہ سے افغانستان میں پائیدار امن اور استحکام لانے میں مدد ملے گی۔ ایک انٹرویو میں ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا کہ چین نے کرونا کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مدد کی ہے۔ چین نے 390 وینٹی لیٹرز ، 3 لاکھ 30 ہزار ٹیسٹنگ کٹس، 8 لاکھ 30 ہزار این 95 ماسک،58 لاکھ سرجیکل ماسک اور 42 ہزار حفاظتی سوٹ فراہم کیے ہیں،جن کی مالیت تقریبا 40 لاکھ ڈالرز بنتی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق چینی پیپلز لیبریشن آرمی نے وائرس پر قابو پانے کے لئے ہماری مدد کرنے کے لئے ایک میڈیکل ٹیم پاکستان بھیجی جبکہ چینی طبی ماہرین کی ایک ٹیم نے چینی صدر کی ہدایت پر پاکستان کا دورہ بھی کیا تھااس کے علاوہ جیک ما فائونڈیشن نے بھی طبی سامان کی دو کھیپ پاکستان کو فراہم کی ہیں۔عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ ہم چینی امداد پر ان کے شکر گزار ہیں جس نے موثر انداز میں کرونا سے نمٹنے میں ہماری مدد کی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن