• news

سبسڈیز کی فراہمی پر نظرثانی ، اداروں میں اصلاحات کا عمل تیز کیا جائے: عمران

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے اس امر پر زور دیا ہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور زرعی شعبہ کی مدد پر خصوصی توجہ دی جانی چاہئے تاکہ انہیں لوگوں کے لئے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے کے قابل بنایا جا سکے۔ سرکاری شعبہ کے اداروں کی اصلاحات کا عمل تیز کیا جانا چاہئے۔ سبسڈیز کی فراہمی کے عمل پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔ موجودہ دور کے اقتصادی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے مسائل کے مکمل حل کی ضرورت ہے، عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لئے کوششیں کی جانی چاہئیں، آئندہ سرکاری شعبہ کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لئے ترجیحات اور اہداف واضح ہونے چاہئیں اور منصوبے محض شروع کرنے کی بجائے ان کی تکمیل پر توجہ دی جانی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کے تناظر میں معاشی صورتحال اور معیشت کے مستقبل کے منظر نامے کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وزارت خزانہ کی طرف سے رواں مالی سال کے پچھلے 9 ماہ کے دوران مختلف میکرو اقتصادی اشاریوں کی کارکردگی اور مجموعی معاشی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو کرونا وائرس کی صورتحال کے معیشت پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں بتایا گیا۔ اجلاس میں غریبوں اور معاشرے کے کمزور طبقات اور کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال سے شدید متاثر ہونے والے معیشت کے مختلف شعبوں کی مدد کے لئے حکومت کی طرف سے اعلان کردہ 1.25 ٹریلین روپے کے اقتصادی پیکیج کی پیشرفت اور اس کے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ موجودہ مالی سال کے پچھلے 9 ماہ کے دوران مختلف معاشی اشاریوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے کورونا وائرس کی صورتحال کے دوران مالیاتی نظم و ضبط کو یقینی بنانے اور ریلیف کی فراہمی کے لئے وزارت خزانہ کی کوششوں کی تعریف کی۔ ۔ وزیراعظم نے کہا کہ معاشی وسائل کے ضیاع کو روکنے کے لئے سرکاری شعبہ کے اداروں میں اصلاحات کے عمل کو تیز کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سبسڈیز کی فراہمی کے عمل پر بھی نظرثانی کی جائے تاکہ انہیں مزید موثر اور فائدہ مند بنایا جا سکے۔ وزیراعظم نے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کا دائرہ کار وسیع کرنے کے لئے سرکاری اور نجی شراکت کے ماڈل کے زیادہ سے زیادہ استعمال اور بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں کو شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان سے وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چوہدری فواد احمد نے ملاقات کی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے وزیر اعظم کو "میڈ ان پاکستان انیشیئیٹیو" (منصوبے) کے بارے میں بریف کیاکرونا وائرس کے حوالے سے پاکستان میں تیار کی جانے والی مصنوعات مثلاً مختلف قسم کے ماسک، حفاظتی لباس و دیگر مصنوعات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی وزیر اعظم نے میڈ ان پاکستان منصوبے، کرونا وائرس سے متعلقہ مصنوعات کی تیاری و دیگر اقدامات پر وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور وزارت کی کارکردگی کو سراہا دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے اپنے عراقی ہم منصب کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے عراقی وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی کو وزیر اعظم بننے پرمبارکباد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وزیر اعظم مصطفی الکاظمی کی قیادت میں عراق میں اصلاحات ، قومی اتحاد اور ترقی کے اہداف کو مزید ترقی دی جائے گی۔ انہوں نے ہا کہ دونوں ممالک میں دو طرفہ تعاون کے مزید فروغ کے لیے مصطفیٰ الکاظمی کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن