• news

شیخوپورہ: بچوں کی لڑائی پر خون کی ہولی: ماں، باپ، بیٹے سمیت ایک خاندان کے 8افراد قتل

شیخوپورہ/جوئیانوالہ/جنڈیالہ شیر خان/ نواں کوٹ/ بھکھی/ لاہور (نمائندہ نوائے وقت، نمائندگان+ نامہ نگاران) شیخوپورہ کے علاقے کھاریانوالا کے چنگڑ محلہ میں بچوں کی لڑائی نے 8 افراد کی جان لے لی۔ تین لوگ زخمی بھی ہوئے۔ قاتل اور مقتولین آپس میں قریبی عزیز بھی ہیں۔ جاں بحق افراد کے لواحقین نے ملزمان پارٹی کے گھروں کو نذر آتش کر دیا۔ پولیس نے نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دیکر علاقہ کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔ کھاریانوالا میں گزشتہ ہفتے بچوں کے جھگڑے پر دو گروپوں میں معمولی تلخ کلامی ہوئی تھی جسکی دو روز قبل علاقہ معززین نے دونوں فریقوں میں صلح بھی کرا دی تھی اور معاملہ رفع دفع ہوگیا تھا مگر سولی جٹ گروپ نے دل سے رنجش ختم نہ کی اور دو مختلف مقامات پر خادم جٹ گروپ کے آٹھ افراد کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا اور فرار ہو گئے۔ ریسکیو 1122 ایدھی اور پولیس ذرائع کے مطابق موٹر سائیکل سواروں نے کھیتوں اور بازاروں میں مخالف گروپ کے افراد کو ڈھونڈ ڈھونڈ کر فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتارا۔ جاں بحق افراد میں ماں، باپ اور بیٹے سمیت 8 افراد شامل ہیں۔ جن کی شناخت علی شان، یاسین بی بی، خادم، بشیران بی بی، کے نام سے ہوئی ہے۔ وحید، طفیل، اکبر علی جاں بحق افراد میں شامل ہیں جبکہ قربان اور رمضان وغیرہ زخمی ہیں ہسپتال منتقل کرکے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے ڈی پی او شیخوپورہ غازی صلاح الدین پنجاب فرانزک ٹیم اور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے بتایا کہ دونوں گروپ قریبی عزیز ہیں اور ان کی کوئی سابقہ دشمنی بھی نہیں ہے بچوں کی لڑائی کے واقعہ پر ملزمان پارٹی کے دو افراد گرفتار بھی ہوئے تھے۔ پولیس کے مطابق بشیراں بی بی جو کہ کھیتوں میں کھانا لے کر جا رہی تھی اس کو بذریعہ فائر قتل کر دیا اس کے بعد اعجاز سپیننگ ملز کے سامنے دو افراد علی شان اور قربان پر فائرنگ کی جس سے علی شان موقع پر قتل ہو گیا اور قربان زخمی ہو گیا،باقی افراد کو گندم کی کٹائی کرتے ہوئے ڈیرے پرموجود افراد پر شدید فائرنگ کی جس کے نتیجہ میں ملزمان نے خادم حسین، طفیل،وحید،یاسین،اکبر،اور تنویر کو موقع پر قتل کر دیا اور اللہ دتہ اور ریاض شدید زخمی ہو گئے۔ قتل ہونیوالوں میں ،ماں،باپ ،بیٹا ،دوداماد جبکہ دو مزدور شامل ہیں زخمیوں کو ڈی ایچ کیوہسپتال منتقل کردیا چند روز قبل شفقت جٹ اور خادم حسین جٹ گروپ کے بچوں کی آپس میں لڑائی ہوئی جس میں چند افراد زخمی ہوئے علاقہ کے معززین دونوں گروپوں کی صلح کروانے میں مصروف تھے کہ شفقت جٹ گروپ نے دل سے رنجش نہ نکالی اور خادم حسین گروپ کے افراد کو گھات لگا کر مختلف مقامات پر قتل کردیا ۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آر پی او شیخوپورہ سے رپورٹ طلب کرنے کیساتھ ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کا حکم بھی دیدیا ہے۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے آر پی او شیخوپورہ ریجن شاہد جاوید سے واقعہ کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ تین مقدمات درج، ایک درجن سے زائد بچے بھی یتیم ہوئے ہیں۔ پولیس نے مقدمہ میں نامزد ملزم نعیم شاہ اور اس کے ساتھی کو گرفتار کر لیا۔ بھکھی سے نامہ نگار کے مطابق تھانہ بھکھی کے علاقہ کھاریانوالہ میں معمولی لڑائی کی رنجش پر ماں باپ اور بیٹے سمیت ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد کو بڑی بے دردی سے قتل کر دیا گیا جبکہ دو سگے بھائیوں سمیت تین افراد کو شدید زخمی کردیا زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے جبکہ پورا علاقہ سوگواری کے عالم میں ڈوب گیا۔

ای پیپر-دی نیشن