• news

سندھ حکومت کرونا ہلاکتیں بڑھا چڑھا کر پیش کررہی ہے: خرم شیر زمان

اسلام آباد + کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما خرم شیر زمان نے سندھ حکومت پر کرونا کے غلط اعداد و شمار بتانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی صوبے میں کرونا وائرس کے اعداد وشمار بڑھا چڑھا کر بیان کر رہی ہے۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کراچی کے صدر اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ ہسپتال جاتے ہیں تو پتا چلتا ہے کہ وہاں کرونا وائرس سے کسی کی موت ہی نہیں ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ صوبے میں کاروباربند رکھنے کا فیصلہ وزیراعظم کا ہے لیکن ایسا بالکل نہیں، سندھ حکومت معیاری ضابطہ کار (ایس اوپیز) بنا کر فوری صوبے کی مارکیٹیں کھولنے کا بندوبست کرے۔ خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے پاس تمام اختیارات ہیں اور وزیر اعلیٰ سندھ ابھی تک کاروبار کھولنے کے لیے معیاری ضابطہ کار تک نہیں بناسکے، وزیراعظم نے 28 ارب روپے سندھ کی عوام کو دیے ہیں جب کہ وزیر اعلیٰ صرف نوٹیفکیشن دے رہے ہیں۔پی ٹی آئی رہنما نے دعویٰ کیا کہ پنجاب ترقی کررہا ہے اور خیبر پختونخوا میں بیروزگاری کی شرح کم ہوئی ہے جب کہ صوبہ سندھ پیچھے ہوتاجارہا ہے اور سندھ کا حال موہنجودڑودیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ سندھ میں آج تک صفائی کا نظام ٹھیک نہیں کرپائے،کاش پیپلزپارٹی سندھ کے سکولوں اور ہسپتالوں کو ٹھیک کردیتی۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہاکہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بتائیں کہ راشن کی تقسیم کا پیسا کدھر گیا۔ انہوں نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ پرچی پر آنے والے بلاول بھٹو زرداری پھر پرچی لہرا کر کنفیوژن پھیلانے آگئے ۔ مراد سعید نے کہا کہ ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کو 12 ہزار فی خاندان وفاق نے دیئے ۔ صحت، روزگار، کاروباروں کو سہولیات کا 1200 ارب کا پیکج بھی وفاق نے دیا۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری بتائیں کہ راشن کی تقسیم کا پیسا کدھر گیا۔

ای پیپر-دی نیشن