• news

پارلیمنٹ کا اجلاس بلانے کے بیانات دینے والے خود شرکت نہیں کرینگے: شبلی فراز

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے پارلیمنٹ کا اجلاس بلانے کے حوالے سے بیانات سیاسی پوائنٹ سکورنگ ہے، جو لوگ اجلاس بلانے کیلئے بیانات دے رہے تھے وہ خود اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔ 18 ویں ترمیم اور این ایف سی ایوارڈز کے بارے فی الحال اپوزیشن سے کوئی بات چیت نہیں ہو رہی۔ سابق معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان پر کرپشن الزامات کے بارے میں مجھے علم نہیں، میں نہیں جانتا کہ وزیراعظم عمران خان نے انہیں کیوں ہٹایا ہے۔ وزیراعظم وہی فیصلہ کرتے ہیں جو انہیں بہتر لگتا ہے۔ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ لاک ڈائون میں نرمی رسک ہے لیکن کورونا وائرس کا علم نہیں کہ کب تک چلے گا۔ اس لئے وزیر اعظم عمران خان کو یہ بھی دیکھنا ہے کہ غریب عوام کس حال میں ہیں، پاکستان کی تاریخ میں کبھی کسی حکومت کو اس طرح کے چیلنجز کا سامنا نہیں رہا جو موجودہ حکومت کو درپیش ہیں، حکومت کی تمام تر توجہ عوام کی زندگیوں کا تحفظ، معیشت کی بہتری، دیہاڑی دار اور مزدور طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے، کرونا وائرس سے بچائو اور اس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے اقدامات کرنے پر مرکوز ہے، اپوزیشن ایسا قانون چاہتی ہے کہ ان کے قائدین کو چھوڑ دیا جائے، وہ معاشرہ کامیاب نہیں ہو سکتا جس میں احتساب نہ ہو، احتساب کیلئے نیب کا ہونا ضروری ہے۔ اتوار کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات ونشریات نے کہا کہ وزارت اطلاعات کا کام حکومتی اقدامات کی تشہیر کرنا ہے، حکومت نے بہت کام کئے لیکن انہیں صحیح طرح سے پروجیکٹ نہیں کیا گیا۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ وزارت اطلاعات کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور اس میں اصلاحات کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعظم خان سمیت سب کے ساتھ میرے اچھے تعلقات ہیں اور میری ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ غیرضروری گروپنگ کا حصہ نہ بنوں۔ نیب کے ریکوری کیسز کی شرح 25 سے 30 فیصد ہے اس لئے اس کے سٹرکچر میں بہتری پر بات ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی ریکوزیشن پر پارلیمنٹ کا اجلاس بلایا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں ایک ٹویٹ میں شبلی فراز نے کہا ہے کہ شہداء کی ماؤں کو خصوصی سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے بیٹوں کی عظیم قربانی پیش کی ہے، پاکستان کی مائیں دنیا میں اس لحاظ سے منفرد ہیں کہ اپنے بیٹے کی شہادت پر اللہ کا شکر ادا کرتی ہیں۔ بلوچستان میں بارودی سرنگ سے گاڑی ٹکرانے کے نتیجے میں شہید ہونے والے میجر ندیم عباس اور دیگر جوانوں، ان کی ماؤں اور اہلخانہ کو آج قوم سلام پیش کرتی ہے۔ یہ ہیروز ہمارا فخر ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن