ایس اوپیز پر عملدرآمد نہ کرنیوالے کاروباری اداروں،انڈسٹریل یونٹس کیخلاف کاروائی ہوگی: عثمان بزدار
لاہور(نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاک ڈائون میں نرمی کے حوالے سے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروانے کا حکم دیاہے۔ وزیراعلیٰ نے انتظامی اداروں کو لاک ڈاون ایس اوپیز سختی سے مانیٹر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاک ڈاون میں نرمی کے حوالے سے ناجائزفائد ہ اٹھانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ عام آدمی کی معاشی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے لاک ڈاون میں نرمی کی۔کرونا کے خطرات بدستورموجود ہیں سب کو احتیاط اورذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ حکومت پنجاب نے تفصیلی مشاورت کے بعد نئے اقدامات اٹھائے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ تاجربرادری اور عوام کرونا سے بچائو کے لئے ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں گے۔ انہوںنے متنبہ کیاکہ جو کاروباری ادارے اور انڈسٹریل یونٹس ایس او پیزپرعمل نہیں کریں گے انکے خلاف ایکشن ہوگا۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی کے ارتکاب کرنے والے اداروں کی اجازت منسوخ کردی جائے گی ۔ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے ساتھ ساتھ علاج و معالجے کے لئے اقدامات پر کاربند ہے۔ صوبہ بھر میں کرونا کے سدباب کے لئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں ۔ وفاق کی رہنمائی میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے فیصلے کیے جارہے ہیں۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارنے میلسی لنک کینال میں گاڑی گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے۔ ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ حادثہ انتہائی افسوسناک ہے، جان کر بہت دکھ ہوا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے معروف ڈرامہ نگار،کامیڈین اطہر شاہ خان جیدی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اطہر شاہ خان جیدی ٹی وی اور ریڈیوکا سنہرا ماضی تھے۔ اطہر شاہ خان نے اپنی بے ساختہ اداکاری سے ناظرین کو محظوظ کیا ۔ مرحوم اپنے منفرد سٹائل اور اداکاری کی وجہ سے ہمیشہ یادرکھے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔