• news

آپا جی سرکار سخاوت میں اپنی مثال آپ، عابدہ زاہدہ خاتون تھیں

نارووال (ایم حفیظ اللہ) آپا جی سرکارؒ ایک متقیہ، سخیہ، عابدہ اور زاہدہ خاتون تھیں۔ خاندان حضرت امیر ملتؒ میں بزرگ ہونے کے ناطے تمام خاندان والے ان کا بے حد احترام کرتے تھے۔ سخاوت میں اپنی مثال آپ تھیں۔ پاکستان ہی نہیں بلکہ مدینہ طیبہ میں بھی جاکر احباب کی وسیع خدمت فرماتیں۔ قبلہ عالم حضرت امیر ملت پیر سید جماعت علی شاہ محدث علی پوریؒ کی پوتی، پیر سید انور حسین شاہ جماعتیؒ کی اہلیہ اور سجادہ نشین و جانشین حضرت امیر ملت پیر سید منورحسین شاہ جماعتی کی والدہ ماجدہ محترمہ سیدہ صوفیہ آپا جی سرکارؒ کا گذشتہ دن 104سال کی عمر میں وصال ہو ا ہے۔ آپا جی سرکار کا وصال ناقابل تلافی صدمہ ہے۔ اس ولیہ کاملہ کے جنازے میں لاکھوں افراد کی شرکت ان سے روحانی عقیدت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اللہ تعالیٰ نے مرحومہ سیدہ آپا جی سرکار کو سخاوت سیدہ زہرہ کا عکس بنایا تھا۔ جمعہ کی رات وصال، جمعہ کے دن جنازہ، عشرہ مغفرت میں وفات اور موجودہ حالات میں عقیدتمندوں کا ہجوم ان کی بلندی درجات کا ثبوت ہے۔ وہ ساری زندگی شریعت مصطفیٰؐ کی پابند رہیں۔ نماز، روزہ کی پابندی اور سخاوت ان کا طرہ امتیاز تھا۔ وہ تعلیمات حضرت امیر ملت کی امینہ تھیں۔ سینکڑوں یتیم بچیوں کو پال کر ان کی شادیاں کرنا ،غریبوں اور بے سہاروں کی مدد کرنا، لنگر امیر ملت کو ہمیشہ جاری رکھنا ،پیسہ کو کبھی جمع نہ کرنا اور مخلوق خدا پر خرچ کرتے رہنا آپا جی سرکار کی عادت مبارکہ تھی ۔ان خیالات کا اظہار سجادہ نشین و جانشین امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے آستانہ عالیہ امیر ملت علی پور سیداں شریف میں امیر ملت پیر سید جماعت علی شاہ محدث علی پوریؒ کی پوتی سیدہ صوفیہ آپا جی سرکارؒ کے ختم قل شریف کی محفل پاک سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پیر سید خورشید حسین شاہ جماعتی،پیر سید ذاکر حسین شاہ جماعتی،پیر سید مظفر حسین شاہ جماعتی،پیر سید منظر حسین شاہ جماعتی، سید نعمان حسین شاہ جماعتی،علامہ پیر محمد تبسم بشیر اویسی،پیر سید اشتیاق حسین شاہ جماعتی ،پیر سید کرامت علی حسین شاہ ،پیر سید عابد حسین شاہ جماعتی ،پیر سید ماجد حسین شاہ جماعتی،پیر سید علی حیدر شاہ جماعتی،پیر سید اصغر علی شاہ جماعتی اور دیگر نے کہا کہ ماں عظمت والی ہو تو اولاد بھی عظمت والی ہوتی ہے۔ ماں مریم ہو تو بیٹا سیدنا عیسیٰ علیہ السلام بنتا ہے، ماں حضرت آمنہ ہو تو بیٹا محمد الرسول اللہ ﷺ ہوتے ہیں۔ ماں فاطمہ بنت اسد ہو تو بیٹا علی المرتضیٰ ہوتا ہے، ماں فاطمہ بنت محمد ہو تو بیٹا سید الشہداء ہوتا ہے، ماں سیدہ صوفیہ ہو تو بیٹا پیر سید منور حسین شاہ ہوتا ہے۔ پاکیزہ گود میں ہی پاک باز اولاد پرورش پاتی ہے۔ ام المومنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا وہ عظمت والی امت کی ماں ہیں کہ جن کے کردار کی طہارت کی گواہی پروردگار عالم نے قرآن حکیم میں دی ہے۔ اس موقع پر لاکھوں قرآن کریم‘ اوراد و ظائف اور دیگر ذکر اذکار آپا جی سرکار کی بارگاہ میں پیش کئے گئے۔ آخر میں خصوصی دعا سجادہ نشین و جانشین امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے فرمائی۔

ای پیپر-دی نیشن